رینجرز اور پولیس نے 118 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا

گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم اور لیاری گینگ وار کے کارکن بھی شامل ہیں

مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم اور لیاری گینگ وار کے کارکن بھی شامل ہیں۔ فوٹو: فائل

شہر میں رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں کالعدم تنظیم اور لیاری گینگ کے کارکنوں سمیت118ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گزشتہ روز علی الصباح انٹیلی جنس اطلاعات پر بلدیہ ٹائون کے علاقے گلشن غازی میں کالعدم تنظیم کی موجودگی پر ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے علاقے کامکمل محاصرہ کر لیا اور اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اور کسی بھی شخص کو آنے اور جانے کی اجازت نہیں دی گئی آپریشن کے دوران رینجرز اہلکاروں نے مشتبہ افراد کے ٹھکانوں اور گھرگھر تلاشی کے دوران متعدد ملزمان کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، ٹارگٹڈ آپریشن میں خواتین اہلکاروں اور کمانڈوز سمیت ایک ہزار سے زائد رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ آپریشن کے دوران سراغ رساں کتوں کی مدد بھی حاصل کی گئی اور آپریشن کے فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا گیا۔




آپریشن کے اختتام پر رینجرز بریگیڈیئر حامد نے ٹارگٹڈ آپریشن کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رینجرز کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ اتحادٹائون سے متصل علاقے گلشن غازی میں کالعدم تنظیم اور سماج دشمن عناصر اپنی سر گرمیاں بڑھا رہے ہیں اور اسی وجہ سے ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، انھوں نے بتایا کہ رینجرز اہلکاروں نے4کلو میٹر تک پھیلے ہوئے اس علاقے کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی اس دوران 23 ملزمان کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے41 ہتھیاربرآمد کر لیے گیے جس میں دستی بم بھی شامل ہیں انھوں نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے8 ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں اور4 ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ رینجرز نے سہراب گوٹھ ، گلزار کالونی ، بلال کالونی ، میٹرو ویل ، شریں جناح کالونی ، مسلم آباد اور لانڈھی کالونی گیٹ اور میں ٹارگٹڈ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 7ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے17مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کر لیے ہیں جن میں ایس ایم جیز ، رائفلز ، ہینڈ گرنیڈ، منشیات اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق رینجرز نے کورنگی صنعتی ایریا بلال کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے2 مبینہ بھتہ خور محمد نعمان عرف جونٹی اور ساجد عرف پنجابی کو گرفتار کر لیا، ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے47 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے13پستول ، 2 ہینڈ گرنیڈ ، نقد رقم ، 3 موٹر سائیکلیں ،3 موبائل فونز اور منشیات برآمد کر لی ، گرفتار ملزمان میں 3 مفرور اور 10مشتبہ افراد شامل ہیں ، ویسٹ زون نے مختلف علاقوں میں 20 چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران31 ملزمان کو گرفتارکیا، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر 6 افراد کو بھی گرفتار کر لیاگیا، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث3 ملزمان کو پکڑا،شاہ لطیف پولیس نے2 مختلف کارروائیوں کے دوران اشتہاری ملزم سواب خان اور کلیم اﷲ کو گرفتار کر لیا۔
Load Next Story