طالبان کی جانب سے عمران کی نامزدگی تحریک انصاف آج فیصلہ کرے گی

عمران خان کمیٹی کاحصہ نہیںبن سکتے، طالبان ان کاکردار قومی سطح پر دیکھے، اعجاز چوہدری

عمران خان کمیٹی کاحصہ نہیںبن سکتے، طالبان ان کاکردار قومی سطح پر دیکھے، اعجاز چوہدری۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان طالبان کی نامزد کردہ کمیٹی کا عملاً حصہ نہیں بن سکتے تاہم مذاکرات کیلیے بھرپور تعاون کریں گے ۔

اتوار کو میڈیا سے گفتگو میں اعجاز چوہدری نے کہاکہ طالبان کو عمران خان کا کردار قومی سطح پر دیکھنا چاہیے، تحریک انصاف کا مذاکرات کرنے کا واحد مقصد ملک میں امن کا قیام ہے ، ہم آئینی حدود کے اندر مذاکراتی عمل کونتیجے تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ پیپلزپارٹی ، اے این پی اور ایم کیوایم سمیت پارلیمنٹ کے اندر موجود تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کے حوالے سے اعتماد میں لینا چاہیے۔ پاک فوج اور قومی ایجنسیوں کیساتھ رابطہ کیے بغیر مذاکراتی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا ، مذاکرتی عمل میں جید علمائے کرام کی رائے بھی شامل کی جانی چاہیے اور2 یا 3 ہفتے کے اندر مذاکراتی عمل کو نتیجہ خیز ہونا چاہیے ۔




انھوں نے کہا کہ نام نہاد امریکی جنگ نے ملکی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، قوم پر ڈالروں کی خاطرمسلط کی گئی جنگ نے ہماری معیشت کا بیڑا غرق اور اربوں ڈالروں کا نقصان کردیا ہے ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہوگا ، اجلاس میں طالبان کی نامزد کردہ کمیٹی میں عمران خان کے شامل ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف نے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ہمیں حکومتی مذاکراتی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے ، طالبان مذاکراتی کمیٹی کیلیے اپنے نمائندے چنیں۔
Load Next Story