ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ پاکستانی ٹیم کی آج کولمبو روانگی

بکیزکی موجودگی سے پریشان نہیں،تنازعات سے بچنے کیلیے ہوم ورک مکمل کر لیا، منیجر

بکیزکی موجودگی سے پریشان نہیں،تنازعات سے بچنے کیلیے ہوم ورک مکمل کر لیا، منیجر۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے پاکستان کرکٹ ٹیم منگل کو دبئی سے کولمبو روانہ ہوگی۔

ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ ہم ایونٹ کے موقع پر بکیز کی موجودگی سے پریشان نہیں ہیں، کھلاڑیوں کو تنازعات سے دور رکھنے کیلیے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کے بعد اب منگل کو اپنے اگلے پڑائو سری لنکا روانہ ہورہی ہے جہاں پر وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔ بعض میڈیا اطلاعات میں یہ انکشاف کیا گیاکہ میگا ایونٹ کے موقع پر سری لنکا میں بکیز بھی سرگرم ہوں گے، بھارتی سٹے بازوں نے ٹورنامنٹ پر اثر انداز ہونے کے لیے پلاننگ کرلی ہے تاہم پاکستان ٹیم مینجمنٹ ان خبروں پر فکرمند نہیں ہے۔


ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے نمائندہ 'ایکسپریس' فواد حسین سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس قسم کی اطلاعات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہم نے خطرات سے بچنے کیلیے پہلے سے ہی اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، ہماری احتیاطی تدابیر خامیوں سے مبرا ہیں تاکہ پھر کسی قسم کا تنازع کھڑا نہ ہو۔انھوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو بھی سخت ہدایات جاری کی جاچکی ہیں، انھیں مشکوک لوگوں سے میل جول سے روک دیا گیا، رات کو ہوٹل سے باہر جانے اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے استعمال پر پابندی جیسے اقدامات معاون ثابت ہوںگے، ہمارے سیکیورٹی منیجر کرنل وسیم احمد کافی تجربہ کار اور خود کھلاڑیوں کی نگرانی کریں گے خاص طور پر نوجوان پلیئرزپر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

نویداکرم چیمہ کھلاڑیوں کو کرپشن کے حوالے سے دی جانے والی تعلیم کے بہترنتائج برآمد ہونے کے بارے میں بھی کافی پراعتماد ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اس برائی کے نقصانات سے اچھی طرح آگاہ ہوچکے، انھیں کرپشن کے خلاف لیکچرز کے ذریعے اچھی خاصی تعلیم دی جاچکی ہے، پلیئرز بھی گذشتہ چند ماہ سے بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کررہے ہیں، ان کی توجہ اپنی پرفارمنس پر مرکوز ہے، ٹیم مینجمنٹ کو پوری امید ہے کہ کھلاڑی کسی بھی قسم کے تنازع کی جانب راغب نہیں ہوںگے۔
Load Next Story