ایل پی جی کی قیمت میں مزید 5 روپے کمی کااعلان

کراچی، لاہور و دیگر بڑے شہروں میں فی کلو قیمت 110، گھریلو سلنڈر 1270 کا ہو گیا

اوگرا زائد قیمت لینے والوں کیخلاف آپریشن کیلیے تیار، چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں فوٹو: فائل

ایل پی جی پروڈیوسرز اور مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید 5روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد اب ایل پی جی پٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں کم نرخ میں دستیاب ہو گی، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں5روپے، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں240روپے کمی کا اعلان کیا ہے۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی درخواست پرقیمت میں کمی کی منظوری پر وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کے بے حد مشکور ہیں۔




دوسری جانب اوگرا نے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف آپریشن کی تیاری کر لی ہے، قیمتوں میں کمی کے بعد اوگرا نے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، اوگرا حکام کے مطابق بلیک مارکیٹنگ کرنے والی مارکیٹنگ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے اور دکانداروںکی دکانیں موقع پر سیل کر دی جائیں گی۔ قیمتوں میں کمی کے بعد لاہور، راولپنڈی ، اسلام آباد، کراچی اور تمام بڑے شہروں میں فی کلو ایل پی جی 110 روپے، گھریلو سلنڈر1270اور کمرشل سلنڈر 5080 روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ مری، گلگت بلتستان ، فاٹا، ناران، کاغان ، آزاد کشمیر وغیرہ سمیت تمام پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی130روپے کلو میں دستیاب ہوگی۔
Load Next Story