محدود اوورز کے اسکواڈز میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت نہیں

ایشیا کپ کیلیے ٹیم کا اعلان آئندہ 2 روز میں کردوں گا، سب کو ساتھ لیکر چلیں گے

مصباح نے مشکل حالات میں ٹیم کو سنبھالا، مجھے دفاع کرنے کی ضرورت نہیں، عامر سہیل۔ فوٹو:فائل

چیف سلیکٹر عامر سہیل نے قومی کرکٹ ٹیم کیلیے پاکستانی کوچ کی حمایت کردی، سابق کپتان کے مطابق ٹوئنٹی20 اور ون ڈے اسکواڈز میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت نہیں، نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں سے پور ا فائدہ اٹھایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ اور چیف سلیکٹر کا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر سہیل نے کہا ہے کہ میرے خیال میں قومی کرکٹ ٹیم کیلیے پاکستانی کوچ کا انتخاب مناسب ہوگا،انھوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، اختیارات کی بات نہیں، سب مل کر اتفاق رائے سے فیصلے کریں تو پاکستان کرکٹ کے مفاد میں ہوگا، سابق ٹیم کو ہی ساتھ لے کر چلوں گا، پہلے سے کام کرنے والے کھلاڑیوں کے بارے میں مجھ سے بہتر جانتے ہیں، سلیکٹرز اور کپتان سے مشاورت کے بعد 2 روز میں ایشیا کپ کیلیے اسکواڈزکا اعلان کردیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ ٹوئنٹی20 اور ون ڈے ٹیمیں بہترکارکردگی دکھارہی ہیں، اسکواڈز میں بڑی تبدیلی کی ضرورت نہیں، تاہم صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلیے کھیل میں مزید بہتری لانا ہوگی۔




عامر سہیل کا کہنا تھاکہ ڈیوواٹمور سے ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ہے،کوشش کروں گا کہ اسی گفتگو کی روشنی میں کھلاڑیوں کی خامیاں دور کرسکوں۔ ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کی کنڈیشنز پاکستان کیلیے سازگار ہوں گی، امید ہے کہ ٹیم توقعات پر پورا اترے گی۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ مصباح الحق ایک منجھے ہوئے کپتان ہیں، انھوں نے مشکل وقت میں ٹیم کی کمان سنبھالی اور محدود وسائل کے باوجود ایک مضبوط سکواڈ میں ڈھال دیا، مجھے ان کا دفاع یا حمایت کرنے کی ضرورت نہیں، وہ خود اپنی پرفارمنس سے ہی ناقدین کو جواب دیدیتے ہیں، این سی اے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو گراس روٹ سطح پر اپ گریڈ کرنا اولین ترجیح ہے،جاوید میانداد سے مل کر ڈومیسٹک ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلیے کام کیا جائے گا، فاٹا اور بلوچستان سے نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Load Next Story