یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا گیا سیمینار اور ریلیوں کا انعقاد

حکمران بھارت سےدوستی کی باتیں کرنےکےبجائےپاکستانی عوام اور کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کریں،مقررین کا خطاب

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی کے شرکاایم اے جناح روڈ سے گزر ہے ہیں۔فوٹو:محمد عظیم/ایکسپریس

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی بدھ کوکشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔

پریس کلب پر سیاسی ،مذہبی اور اقلیتی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں ،جماعت اسلامی کے تحت یکجہتی کشمیر ریلی جیل چورنگی سے مزار قائد تک نکالی گئی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلیے پاکستان کے دیرینہ موقف اور مسلمہ قومی پالیسی کو بحال کیا جائے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر سامنے لایا جائے، وزیراعظم نواز شریف بھارت سے دوستی کی باتیں کرنے کے بجائے پاکستانی عوام اور کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کریں اورخطے میں بھارت کی بالادستی کے خلاف پائی جانے والی بے حسی کو ختم کیا جائے ، ریلی سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر نصراللہ خان شجیع، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ ، آزاد جموں وکشمیر جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد صغیر نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں ریلی کے شرکا نے جیل چورنگی سے مزار قائد تک لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمن سمیت دیگر رہنما ئوں کی قیادت میں پیدل مارچ کیا، جماعۃ الدعوۃ کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پریس کلب کے باہر عظیم الشان یکجہتی کشمیر کانفرنس سے جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ اس کے لیے قربانی دینے کو تیار ہے، حکومت بھارت سے دوستی کے بجائے کشمیر کو آزاد کرائے، بھارت کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے پانیوں پر ڈاکا ڈالنے اور وطن عزیز میں دہشت گردی کرانے میں مصروف ہے جب تک بھارتی افواج کشمیر خالی نہیں کرتی ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، یکجہتی کشمیر کانفرنس سے حریت رہنما شبیر شاہ نے ٹیلیفونک خطاب کیا،پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پریس کلب کے باہر منعقدہ اجتماع سے نجیب ہارون ،سبحان علی ساحل ،خرم شیر زمان ،اسرار عباسی ،جواد جیلانی ،دوا خان صابر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر میں 7لاکھ سے زائد مسلح بھارتی افواج کے ظلم و بربریت اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ اور دیگر انصاف کے علمبرداروں کی خاموشی مسلم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے،کسی بھی سطح پر مذاکرات میں کشمیری عوام اور ان کے رہنماؤں کو شامل کیے بغیر مسئلہ کشمیر کا حل تلاش نہیں کیا جاسکتا۔


سُنی تحریک کے زیراہتمام''یوم یکجہتی کشمیر'' کے موقع پرکراچی سمیت ملک بھر میں ریلیاں، کانفرنسیں اور سیمینارز منعقد کیے گئے جبکہ منوڑہ میں حضرت سید یوسف شاہ غازی کے مزاراور دیگرمزارات پر کشمیر کی آزادی اور ملک کی سلامتی و استحکام کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیںاور ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، کشمیری شہدا کی یاد میں دیے بھی روشن کیے گئے،سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجازقادری نے یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ کشمیر میں مسلم آبادی کوکم کرنے کیلیے بھارتی فوج بڑے پیمانے پرمسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے،علاوہ ازیں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے بلدیہ غربی کی جانب سے کشمیر ڈے کے موقع پر سائٹ زون میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا، پروگرام کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ضلع غربی غلام قادر تالپور تھے، تقریب میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی نزیر احمد خلیفو،میونسپل کمشنر طارق مغل ،اسسٹنٹ کمشنر اور بلدیاتی افسران کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، پاسبان کے تحت منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مرکز ی صدر شفیع احمد اور شمیم ناز نے مسلمان حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور کشمیر کی آزادی تک بھارت سے سفارتی ،تجارتی اور ہر قسم کے تعلقات منقطع کیے جائیں۔



پیپلزپارٹی جموں و کشمیر کے تحت احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سردارمظہر حسین خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے ،مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے رہنما محمد نعیم خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کا رشتہ ایک اٹوٹ انگ ہے ،اس کو کوئی نہیں توڑ سکتا موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کررہی ہے،اسلامی یکجہتی کونسل کے تحت منعقدہ مظاہرے سے مفتی عبدالقادر شر اور دیگر نے خطاب کیا اور کشمیری عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کیا،پریس کلب کے باہر سنی تحریک بلال قادری گروپ نے بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع منعقد کیاجس سے شکیل قادری اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا،مسلم لیگ سندھ کے زیراہتمام یوم کشمیر کے حوالے سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلی مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر علیم عادل شیخ کی قیادت میں صوبائی سیکرٹریٹ سے نکالی گئی۔

ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی،گلستان جوہر میں یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کراچی کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے کہاہے کہ کشمیری مسلمان ظلم برداشت کرنے کی تاریخ رقم کررہے ہیں، جب تک کشمیر کے عوام کو حق خوارادیت نہیں دیاجاتا خطے میں پائیدارامن کاخواب کبھی شرمندہء تعبیر نہیں ہوسکتا،مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علماہ مختار امامی ۔عالم کربلائی، علامہ مبشر نے یکجہتی کشمیر کانفرنس کے عنوان سے منعقدہ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے جس سے دستبردار ہو نا پاکستانی عوام کو کسی صورت قبول نہیں ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیری مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا ظہارکر نا تمام ملت پاکستان کا اخلاقی فریضہ ہے ۔
Load Next Story