پی ایچ ایف کیلیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان

قومی ٹیم کی رواں ماہ شیڈول اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت پر چھائے سیاہ بادل چھٹ گئے

آئندہ 10 روز تک فنڈز جاری نہ ہوئے تو پاکستان ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کر سکے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی فریاد سن لی گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے پی ایچ ایف کے لیے10کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کر دیا۔

فنڈز کی یقین دہانی کے بعد گرین شرٹس کے رواں ماہ ملائیشیا میں شیڈول سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت پر چھائے غیر یقینی کے سیاہ بادل چھٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان چوہدری اختر رسول کی سربراہی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نئی انتظامیہ نے اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا تو فیڈریشن کا خزانہ خالی ملا،اس صورت حال کے بعد فیڈریشن عہدیداروں اختر رسول اور رانا مجاہد علی اولمپئن نے وزیر اعظم سے جو پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف بھی ہیں، فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی، بعد ازاں کھیلوں کی بین الصوبائی رابطہ کمیٹی سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے فیڈریشن عہدیداروں نے واضح کر دیا تھا کہ آئندہ 10 روز تک فنڈز جاری نہ ہوئے تو پاکستان ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کر سکے گی۔گزشتہ روز صدر پی ایچ ایف اختر رسول نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کی۔




ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات کے دوران اختر رسول نے وزیر اعلیٰ کو فیڈریشن کا خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے درپیش مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا، ممبئی ورلڈ کپ 1982فاتح اسکواڈ کے کپتان کے مطابق گرانٹ نہ ملنے کی وجہ سے جہاں دیگر مسائل پیدا ہو رہے ہیں وہاں فنڈز کی عدم شرکت کی وجہ سے قومی ٹیم 31سال کے بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھی شرکت نہیں کر سکے گی۔صدر پی ایچ ایف کی بریفنگ کے بعد وزیر اعلی پنجاب نے پی ایچ ایف کو 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت ہاکی کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انھوں نے کہا کہ گرانٹ ہاکی کی بحالی اور ٹیلنٹ پر خرچ کی جائے گی۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرے گی جس میں فیڈریشن عہدیدار آئندہ ماہ ملائیشیا میں شیڈول سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سمیت مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
Load Next Story