کراچی ماں بیٹے اور باپ بیٹی سمیت 5 افراد کی لاشیں ملیں

گلزار ہجری میں فلیٹ سے30 سالہ حافظ بشیر اور اسکی والدہ حفیظاں کی لاشیں ملیں، جسم پر تشدد کی نشانات ہیں،پولیس

گلستان جوہر میں فلیٹ سے92 سالہ آغا حسن اور ان کی62سالہ بیٹی ممتاز صدیقی کی لاشیں ملیں، آلہ قتل برآمد،شاپ لطیف سے نامعلوم شخص کی لاش ملی. فوٹو: آن لائن

شہر کے مختلف علاقوں سے ماں بیٹے اور باپ بیٹی سمیت5 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ فائرنگ کے واقعات میں اہسلنت والجماعت کے علاقائی صدر اور 3 کارکنوں سمیت5 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گلزار ہجری کے علاقے میں قائم کنٹری ٹاور کے فلیٹ نمبر A-305 سے2 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، لاشوں کی شناخت30 سالہ حافظ بشیر ولد حاجی محمود اور60 سالہ حفیظاں بی بی زوجہ حاجی محمود کے نام سے کی گئیں ، سچل پولیس کے مطابق دونوں کے منہ سے خون جاری تھا جبکہ جسم پر سرخ دھبے بھی تھے ، بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انھیں کوئی زہریلا کھانا کھلایا گیا یا ان کے کھانے میں کوئی زہریلی شے شامل ہوگئی ، لاشوں کے نمونے حاصل کرکے کیمیکل ایگزامن کیلیے روانہ کردیے گئے ہیں، حفیظاں بی بی کے داماد صدیق نے ایکسپریس کو بتایا کہ ان کی اہلیہ نے اپنی والدہ کو بدھ کی صبح ٹیلی فون کیا لیکن فون ریسیو نہیں ہوسکا جس پر وہ گھبراہٹ کے عالم میں فلیٹ گئیں تو دروازہ بھی نہیں کھلا ، فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکالا ، انھوں نے بتایا کہ بشیر گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور اب وہ بیرون ملک جانے والا تھا ، وہ شادی شدہ اور اس کی اہلیہ لندن میں مقیم ہے۔




عباسی اسپتال کے ایم ایل اوکے مطابق خاتون کے گلے پر ایسے نشانات پائے گئے ہیں جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ان کاگلا گھونٹا گیا ہوجبکہ نوجوان کے سر اور دائیں آنکھ کی جانب تشددکے نشانات ہیں، جسموں پر سرخ دھبے ہیں جوکہ عموماً کسی زہریلی چیز کھانے سے جسم پر نمودار ہوجاتے ہیں، علاوہ ازیں گلستان جوہر بلاک16میں قائم مہران ایکسٹیشن کے فلیٹ نمبرE-13 سے 92 سالہ آغا حسن صدیقی اور ان کی صاحبزادی62 سالہ ممتاز صدیقی کی لاشیں ملیں جنھیں تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیاگیا ، ایس ایچ او عزیز بھٹی غلام حسین پیرزادہ نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فلیٹ کی تلاشی کے دوران آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ، مقتول آغا حسن کے رشتے دار عارف رشید نے ایکسپریس کو بتایا کہ آغا حسن پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈملازم تھے جبکہ ممتاز صدیقی غیر شادی شدہ تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پرقتل کی نوعیت کا علم نہیں ہوسکا،شاہ لطیف ٹائون کے علاقے خلد آباد میں ملیر ندی سے35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے شدید تشدد کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ، پولیس کے مطابق مقتول کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ، قائد آباد کے علاقے میں گلزار مدینہ مسجد کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے ضلع ملیر کے صدر مولانا معین الدین شاہ الحسینی ، ہدایت اللہ اور عنایت اللہ زخمی ہوگئے، کورنگی سو کوارٹرز میں بنگالی پاڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ نور الاسلام اور 30 سالہ شازیہ زخمی ہوگئی جنھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، ابراہیم حیدری پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
Load Next Story