ہڑتال کرنیوالے زور زبردستی سے کام نہ لیں تاج حیدر

آرڈیننس کا پورا جائزہ لینا ضروری ہے، جمہوریت میں نفرت اورانتہاپسندی کی گنجائش نہیں .

آرڈیننس کا پورا جائزہ لینا ضروری ہے، جمہوریت میں نفرت اورانتہاپسندی کی گنجائش نہیں ۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر نے قوم پرست جماعتوں کی جانب سے دی جانے والی 13ستمبر کو ہڑتال کی کال کو 12مئی کے المناک واقعے سے تشبیہ دینے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


اپنے ایک اخباری بیان میں انھوں نے کہا کہ جمہوری پاکستان میں 12مئی جیسے افسوسناک سانحے کبھی نہیں دہرائے جائیں گے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کے قیام کیلیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، وہ ہر سیاسی جماعت، ہر گروپ یہاں تک کہ ہر شہری کے جمہوری حقوق کا احترام اور تحفظ اپنا پہلا فریضہ سمجھتے ہیں، ہم ہر سیاسی جماعت سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ وہ امن و امان اور مہذب سیاست کے راستے پر چلتے ہوئے کوئی بھی ایسی بات نہ کہیں اور نہ ہونے دیں جس سے جمہوریت کمزور ہوتی ہو۔

تاج حیدر نے یاد دلایا کہ ہڑتال کی کال دینے والوں کی اپنی بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے انھیں نفرت کے جذبات ابھارنے کے بجائے اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کی ہدایت کرنی چاہیے، انھیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہتھیاروں کی نمائش نہ کی جائے اور ہڑتال کرانے کیلیے زور زبردستی سے کام نہ لیا جائے، بلدیاتی نظام کے بارے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے متحدہ قومی موومنٹ سے بہت بڑے اختلافات تھے لیکن ہم نے اکثریت کے بل پر قانون منظور کرانے کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کیااور طویل مذاکرات کے بعد ایک جائز موقف پر متحدہ کی حمایت حاصل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہڑتال کی کال دینے سے پہلے اس آرڈیننس کا پورا جائز ہ لینا ضروری ہے، جمہوریت میں نفرتوں، انتہا پسندی اور جذباتیت کی گنجائش نہیں ہوتی۔
Load Next Story