کے ایم سی تھانہ فعال اور تجاوزات کیخلاف کارروائی کی جائے

لینڈ مافیا تجاوزات کی آڑ میں سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے میں مصروف ہے، رؤف اختر

ہمارے افسران اور ملازمین اپنی جان پر کھیل کر تجاوزات کیخلاف آپریشن کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

PALLEKELE:
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی رؤف اختر فاروقی نے ہدایت کی ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے اور کے ایم سی کے تھانے کو فعال کرکے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والی ٹیم میں شامل کیا جائے تاکہ شرپسند عناصر سے موثر طریقے سے نمٹا جاسکے۔

یہ ہدایت انھوں نے تجاوزات کے خلاف شہر میں جاری مہم کا جائزہ لینے کیلیے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ کیساتھ اجلاس کے دوران دی، ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بلال منظر، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شاکر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، انھوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن ہمارے افسران اور ملازمین جان پر کھیل پر کر رہے ہیں ، شہر کو بہتری کی طرف لے جانے کی اس کوشش میں جن افسران اور ملازمین نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انھیں تعریفی اسناد دی جائیں گی، انھوں نے کہا کہ تجاوزات شہر کے ماتھے پر داغ کی مانند ہیں اور لینڈ مافیا تجاوزات کی آڑ میں سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، انھوں نے کہا کہ مہران ٹائون میں بھرپور آپریشن کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کی محنت کی کمائی سے خریدے گئے پلاٹوں کو لینڈ مافیا اور قابضین سے خالی کرایا جائے گا۔




انھوں نے کہا کہ بڑے بڑے شاپنگ سینٹرز، مارکیٹوں اور بازار وں کے سامنے جو دکاندار سامان رکھتے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اور چیئرمین ٹاسک فورس بلال منظر نے بتایا کہ مہران ٹائون ، بہادرآباد، امیر خسرو روڈ ، سولجر بازار، الہ دین پارک، نیو ٹرک اسٹینڈ ماری پور اور مہران ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی جارہی ہے اور مہران ٹائون میں 500 سے زائد ایسے پلاٹ موجود ہیں جنہیں سرکاری طور پر نیلام کیا جاسکتا ہے، جن پلاٹوں پر لینڈمافیا نے قبضہ کر رکھا ہے انہیں خالی کرایا جائے گا، انھوں نے بتایا کہ کے ایم سی کے پاس ایک ڈی ایس پی ،ایس ایچ او اور 50 سپاہیوں پر مشتمل پولیس نفری موجود ہے جنھیں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بھرپور طریقے سے شامل کیا جائے گا ،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ جس علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوگا وہاں اس ٹیم کے ساتھ علاقے کے ایکسیئن کی موجودگی ضروری ہے تاکہ وہ اس علاقے کے نقشوں کے ساتھ ٹیم کے ہمراہ رہے۔
Load Next Story