فضائیہ کی بہادری اور مہارت پر قوم کوفخر ہے ایئر چیف

ہماری تاریخ ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے جب فضائیہ نے خود کو بہترین قوت منوایا

قوم کو آپ سے بہت امیدیں ہیں، طاہر رفیق بٹ کا پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کو ایک بہترین لڑاکا طاقت ہونے کی وجہ سے عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس نے ہمیشہ ملکی خود مختاری اور اپنی سرحدوں کا احسن طریقے سے دفاع کیا ہے۔

پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں ایئرو اپرینٹیسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ ہماری تاریخ ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے جب فضائیہ نے اپنے آپ کو بہترین فضائی قوت منوایا جس کے حوصلے، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت پر پوری قوم کوفخر ہے، فضائیہ اس وقت ہمہ جہت طیاروں، جدیدریڈارز، بہترین ہتھیاروں اور آلات حاصل کرنے میں کوشاں ہے۔




انھوں نے ایئرو اپرینٹیسزسے کہاکہ اب یہ آپ کی ذمے داری ہے کہ اپنے آپ کو ان جدید صلاحیتوں سے لیس کریں، قوم نے آپ پر پورا اعتماد کیا ہے اور امید کرتی ہے کہ آپ اپنی ذمے داریوں کوبھر پور اعتماد، تندہی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ آپ مکمل عزم اور طاقت کے ساتھ میدان میں جائیں گے اور فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کو نئی جہتوں سے ہمکنار کریں گے۔ ایئرو اپرینٹسسز کے علاوہ نیوی کے ٹیکنیشنز نے بھی تکنیکی تربیت مکمل کی ۔
Load Next Story