5 ماہ میں 15 ہزار ملزم گرفتار اور 131 ہلاک کردیے پولیس

10 ہزار چھاپوں اور آپریشن میں 79 افسر اور اہلکار شہید ہوگئے،آئی جی کو رپورٹ پیش

شہر کے مختلف علاقوں میں 10 ہزار 254 چھاپوں اور 804 پولیس مقابلوں میں 15 ہزار 671 ملزمان کو گرفتار جبکہ 131 ملزمان ہلاک ہوئے۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کو کراچی پولیس کی جانب سے دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف 5 ستمبر 2013 سے 6 فروری 2014 تک پولیس کے جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر مشتمل رپورٹ پیش کر دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن میں پولیس کے 79 افسران اور اہلکار وںنے جام شہادت نوش کیا جن میں ستمبر 2013 کے 15 ،اکتوبر کے 12 ، نومبر کے 11 ، دسمبر میں بھی 11 جبکہ 2014 کے جنوری میں 25 اور 6 فروری تک 5 پولیس افسران شامل ہیں ،آئی جی سندھ کو کراچی پولیس اور سی آئی ڈی پولیس کی کارکردگی پر مشتمل پیش کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قتل ، اقدام قتل ، اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری، دہشت گردی ، ڈکیتی و رہزنی اور دیگر سنگین جرائم سمیت مفرور اشتہاری و مطلوب ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں 10 ہزار 254 چھاپوں اور 804 پولیس مقابلوں میں 15 ہزار 671 ملزمان کو گرفتار جبکہ 131 ملزمان ہلاک ہوئے۔




کراچی پولیس کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان سے 3 ایل ایم جی رائفلیں ، 84 کلاشنکوف ، 3 ہزار 490 پستول ، ریوالور اور ماؤزر ، 121 شاٹ گن و رپیٹرز ، 147 دستی بم و ایکسپلوزیو ڈیوائس بم ، 69 رائفلیں ، 667 کلو چرس جبکہ سی آئی ڈی پولیس نے 4 خودکش جیکٹیں ، 7 راکٹ و لانچرز، 282 کلو گرام دھماکا خیز مواد ، 39 دستی بم ، 14 کلاشنکوف ، 174 پستول و ریوالور ، 4 رائفل ، 3 شاٹ گن اور 17 کلو گرام چرس برآمد کی ہے ، رپورٹ کے مطابق مذکورہ آپریشن کے دوران سی آئی ڈی پولیس نے شہر بھر میں 556 چھاپہ مار کارروائیوں میں 46 مقابلوں کے بعد 223 ملزمان کو گرفتار اور 17 ملزمان کو ہلاک کیا جبکہ کراچی پولیس نے 9 ہزار 698 چھاپوں اور 758 پولیس مقابلوں میں 114 ملزمان ہلاک اور 15 ہزار 448 ملزمان کو گرفتار کیا۔
Load Next Story