امدادی کاموں میں بجلی کے کنڈے رکاوٹ ہوتے ہیں کمشنر کراچی

اسکولوں میں زلزلے اور قدرتی آفات کے حوالے سے آگہی و شعور بیدارکیا جائے

تعمیر ہونے والی عمارتوں میں زلزلہ برداشت کرنے والے اسٹرکچرز یقینی بنائے جائیں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
زلزلے، حادثات، قدرتی آفات یا آگ لگنے کی صورت میں ریسکیو اداروں کیلیے اور امدادی کاموں میں بجلی کی تاروں میں لگائے جانے والے کنڈے بڑی رکاوٹ ہیں اور انسانی جان و مال کی فوری حفاظت کیلیے اقدامات میں تاخیر کا بڑا سبب بھی ہیں۔

یہ بات کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت زلزلے اور قدرتی آفات سے ممکنا حفاظتی اقدامات اور آگہی کے حوالے سے منعقد ہ اجلاس میں شر کا کو ایک بریفنگ میں بتا ئی گئی، اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھا رٹی، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کے نمائندوں، سینئر ڈائریکٹر میو نسپل سروسز کے ایم سی مسعود عالم، ڈائریکٹر ملٹری لینڈ اینڈ کنٹرول کراچی، ڈائریکٹر اسکول کراچی، چیف میٹرولوجسٹ کراچی اور دیگر اداروں کے افسران بھی موجود تھے، اس مو قع پر تجویز پیش کی گئی کہ کراچی کی عمارتوں میں ارتھنگ سسٹم کے حوالے سے چیف الیکٹرک انسپکٹر کی جانب سے مکمل سروے کروایا جائے اور اس سلسلے میں باقا عدہ مہم کا آغاز کیا جا ئے، عمارتوں کی وائرنگ سسٹم کو بھی چیک کروایا جائے، آگ لگنے کی صورت میںجب تک فائر ڈپارٹمنٹ اجا زت نہ دے متاثرہ مقام کی بجلی بحال نہ کی جائے۔




کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی کے تمام نجی اور سرکاری اسکول کے بچوں کو اسکول کی اسمبلی میں زلزلے اور قدرتی آفات کے مو قع پر حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے آگہی اور شعور بیدار کرنے کے اقدامات اور انتظامات کیے جائیں، انھوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھا رٹی کو پابند کیا جائے گا کہ وہ کراچی میں تعمیر ہونے والی عمارتوں میں زیادہ سے زیادہ زلزلہ برداشت کرنے والے ڈھانچے کو یقینی بنوائیں اور ساتھ ہی بلڈنگ کوڈ میں زلزلے کے حوالے سے مو جود قوانین پر بھی مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات کر وائیں۔

شعیب احمد صدیقی نے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کے ایم سی کو ہدایت کی کہ کسی بھی حادثے یا قدرتی آفت سے نمٹنے کیلیے کے ایم سی کی تمام ایمبولینسوں کو احتیا طی تدابیر کے طور پر فعال کر نے کے اقدامات کیے جائیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زلزلے یا قدرتی آفات کے موقع پر ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک تمام اہلکا روں کیلیے تربیتی سیشن کا انعقاد کریں گے، اسکول کے بچوں کو زلزلے اور قدرتی آفات سمیت ہوائی طوفان، سمندری طوفان اور سونامی وغیرہ سے آگہی کے سلسلے میں محکمہ موسمیا ت اساتذہ کو ماسٹر ٹرینرز کے طور پر تربیت فراہم کرے گا، یہ آگہی سیشن کراچی کے ہر ضلع میں منعقد کیے جائیں گے۔
Load Next Story