2014 انتہائی مشکل سال ہے صورتحال تبدیل ہوگی آصف زرداری

خطے میں امن کیلیے بہترپاک بھارت تعاون ضروری ہے،کینیڈین وبھارتی ہائی کمشنرزسے ملاقات

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری سے بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

سابق صدرآصف علی زرداری نے کہاہے کہ 2014انتہائی مشکل سال ہے، افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاکے اثرات مرتب ہونگے۔ خطے میںامن کیلیے بہترپاک بھارت تعاون درکارہے۔

ان خیالات کااظہار انھوںنے کینیڈاکے اسلام آبادمیں متعین ہائی کمشنرکریگ جیوکاس اوربھارتی ہائی کمشنرڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان سے بلاول ہائوس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو کینیڈین ہائی کمشنرکریگ جیوکاس سے گفتگومیں سابق صدر نے مختلف شعبوںمیں کینیڈاکی مدداور پاکستان میں جمہوریت کے لیے حمایت کوسراہا اورکہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اورمسلح افواج نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑنے والے پاکستانی عوام کے مصائب کے خاتمے کے لیے فنڈ قائم کرے۔ انھوںنے کہاکہ 2014میں افغانستان میں سیاست اور سیکیورٹی کے حوالے سے صورت حال تبدیل ہوگی اوروہاں سے اتحادی افواج کاانخلا ہوگا۔ اس صورتحال کے نہ صرف افغانستان بلکہ خطے کے تمام ممالک پر اثرات مرتب ہوںگے۔




انھوں نے کہاکہ ایک پرامن اور اقتصادی طور پرمستحکم اورمتحرک افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ اس حوالے سے ہم اپناجائز کرداربخوشی ادا کریں گے۔ آصف زرداری نے کہاکہ ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے پاکستان پیپلزپارٹی نے شدت پسندی کے خلاف جنگ میں بہت تکالیف کا سامنا کیاہے۔ ہماری قائدشہید محترمہ بینظیربھٹو اس جنگ میں اپنی زندگی قربان کرچکی ہیں۔ مذاکرات یا طاقت کے استعمال کے ذریعے انتہاپسندی کاخاتمہ اس جنگ کاایک حصہ ہے۔ اصل جنگ انتہاپسندانہ ذہنیت کوتبدیل کرناہے اوریہ کام لوگوں کے لیے مواقع پیدا کرکے کیاجا سکتاہے۔ سابق صدر نے کینیڈین ہائی کمشنر کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیا۔ بعدازاں بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے بھی سابق صدرزرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے پاک بھارت تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آصف زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ بھارت سے تجارت اورعوام کے درمیان رابطوں کافروغ چاہتی ہے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات نارمل ہوں۔
Load Next Story