’’محبت اک اتفاق‘‘

’’ایکسپریس میڈیا گروپ‘‘ کے تعاون سے پہلی ترکش فلم کی ’ویلنٹائن ڈے‘ پر نمائش ہوگی

’’ایکسپریس میڈیا گروپ‘‘ کے تعاون سے پہلی ترکش فلم کی ’ویلنٹائن ڈے‘ پر نمائش ہوگی۔ فوٹو : فائل

'ویلنٹائن ڈے' اب دنیا کے مقبول تہواروں میں سے ایک بن چکا ہے۔ اس دن جہاں نوجوان ایک دوسرے سے محبت کااظہارکرتے ہیں، وہیں اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں خصوصی تقریبات کااہتمام کیاجاتا ہے۔ خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جاتے ہیں جبکہ ٹی وی چینلزبھی اس دن کوبھرپور اندازسے منانے میں پیچھے نہیں رہتے۔

''ایکسپریس میڈیا گروپ'' نے بھی ''ویلنٹائن ڈے'' کواس مرتبہ خاص بنانے کیلئے امپورٹ قوانین کے تحت لائی جانے والی پہلی ترکش فلم ''محبت اک اتفاق '' کو نمائش کے لئے پیش کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اردو زبان میں ڈبنگ کی جانیوالی فلم میں جہاں ترکی کے بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکار اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرتے دکھائی دینگے، وہیں ترکی کی خوبصورت لوکیشن بھی اس فلم کی کہانی کو مزید جاندار بناتی ہے۔

''محبت اک اتفاق'' کی یورپ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں نمائش کی جاچکی ہے اوریہ فلم اب تک پانچ ارب روپے کا کامیاب بزنس کر چکی ہے۔ دنیا کے بیشترممالک میں منعقد ہونیوالے فلم فیسٹیول میں بھی ''محبت اک اتفاق '' کو زبردست رسپانس ملا اور یہ فلم اب تک بہت سے ایوارڈز بھی جیت چکی ہے۔ واضح رہے کہ ''محبت اک اتفاق '' کے موضوع اور بزنس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہالی وڈ کے ایک معروف فلمساز ادارے نے اس کو انگریزی زبان میں ری میک کرنے کا بھی اعلان کردیا ہے۔



اس اعتبارسے دیکھا جائے تواچھی اورمعیاری فلم دیکھنے کی خواہش رکھنے والے پاکستانی شائقین کیلئے پہلی ترکش فلم ''ویلنٹائن ڈے'' کا تحفہ ثابت ہوگی۔ فلم میں مرکزی کردار ترکی کے دو معروف فنکاروں نے ادا کیا ہے جن میں اداکارمحمت گنسر اوراداکارہ بیلسم بلچل شامل ہیں جبکہ دیگرسپورٹنگ فنکاروں نے بھی فلم کی کہانی میں حقیقت کے رنگ بھرنے کیلئے خوب محنت کی ہے۔ اس فلم کی تشہیری مہم توگزشتہ کچھ عرصے سے ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کے اداروں ' ایکسپریس نیوز'، ' روزنامہ ایکسپریس ' اور 'ایکسپریس ٹریبیون ' پرجاری ہے لیکن آج فلم کا پریمئیر شو کراچی میں دکھایا جائے گا جبکہ دوسرا پریمیئرلاہور کے مقامی سینما گھر میں 13 فروری کو ہوگا۔ جس کے لئے فلم کے امپورٹر ' کے زی انٹرپرائزز' کے روح رواں کوکب زبیری نے تمام انتظامات کو پہلے ہی حتمی شکل دے رکھی ہے۔

آج کراچی میں فلم کے پریمیئر میں فلم، ٹی وی، تھیٹر، میوزک اورفیشن انڈسٹری کی معروف شخصیات کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بھی شریک ہوں گے جبکہ 13 فروری کو لاہور میں شو کا انعقادہوگا۔ جس کیلئے زندہ دلان لاہور بے صبری سے منتظر ہیں۔ دوسری جانب ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کی ٹیم نے بھی اس ایونٹ کو یادگار بنانے کیلئے منصوبہ بندی کررکھی ہے۔ ایک طرف تو ایکسپریس نیوز پر فلم کے پریمیئر کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام کی کوریج دکھائی جائے گی اوراس کے ساتھ ساتھ ''روزنامہ ایکسپریس اور ایکسپرے ٹریبیون'' بھی اس حوالے سے خصوصی رپورٹس شائع کرے گا۔


فلم کے امپورٹرکوکب زبیری نے ''ایکسپریس ''کوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سینما گھروں میں امپورٹڈ فلموں کی نمائش کا سلسلہ کوئی نئی بات تو نہیں ہے، کیونکہ ایک طویل عرصہ سے ہالی وڈ کی فلمیں امپورٹ کی جا رہی ہیں ، جبکہ گزشتہ چند برسوں سے بالی وڈسٹارز کی فلمیں بھی امپورٹ ہورہی ہیں ، جن کی بدولت پاکستان میں سینما کلچردوبارہ سے فروغ پا رہا ہے۔ کچھ جدید سینما گھروں کی تعمیر ہوچکی ہے اوربہت سے سینما گھر ملک بھر میں بنائے جارہے ہیں، جو کہ بہت خوش آئندہ بات ہے۔ میں نے بھی امپورٹ قوانین کے تحت دو ترکش فلمیں امپورٹ کی تھیں جن میں سے پہلی ترکش فلم ''محبت اک اتفاق '' ہے جبکہ دوسری فلم ''اکیلا''ہے۔



دونوں فلمیں دنیا کے بیشترممالک میں ریکارڈبزنس کرچکی ہیں اوراب ان کواردوزبان میں ڈبنگ کے ساتھ ریلیز کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں جب مجھے میڈیا پارٹنرشپ کی ضرورت محسوس ہوئی تومیں نے ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' کا انتخاب کیا۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' پاکستان کا واحد میڈیا گروپ ہے جس کی خبریں مستند ہوتی ہیں اور پاکستان ہی نہیں بلکہ دیارغیر میں بسنے والوں میںبھی اس گروپ کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے اپنی امپورٹ کردہ فلم کیلئے ایکسپریس گروپ سے معاہدہ کیا اور مجھے خوشی ہے کہ اس ادارے کی ٹیم نے میری سوچ سے بڑھ کر سپورٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب میرے پاس ترکی کی شہریت ہے لیکن پھربھی دل میں پاکستان کی محبت اوراس کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ موجود ہے۔ جس کی وجہ سے میں نے پاکستان کے موجودہ حالات کے باوجود یہاں کام کرنے کوترجیح دی۔ میرے اس جذبے کواس وقت مزید تقویت ملی جب ''ایکسپریس میڈیا گروپ '' نے فلم کی تشہیرکیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کوکب زبیری نے فلم کی ریلیز کے حوالے سے مزید بتایا کہ فلم کی نمائش کیلئے ''ویلنٹائن ڈے '' کی تاریخ کاانتخاب اس لئے کیا گیا ہے کہ یہ فلم سچی محبت کرنیوالوں کی بہترین عکاسی کرتی ہے۔ اس فلم کی کہانی، میوزک اور فنکاروں کی حقیقت کے قریب تر اداکاری نے پہلے ہی یورپ سمیت دنیا کے بیشترممالک کے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختصرعرصہ میں فلم نے پانچ ارب کا بزنس کیا اور اب ہالی وڈ کاایک معروف فلمساز ادارہ اس فلم کی کہانی کو انگریزی زبان میں ری میک کررہا ہے۔ محبت کی اس لازوال داستان میں مرکزی کردار نبھانے والے ترکی کے دونوں معروف فنکاروں محمت گنسر اور بیلسم بلچل نے اپنے کیرئیر کی یادگار اداکاری کی ہے۔ یہی نہیں فلم کی ہیروئن بیلسم بلچل کی ایک اور فلم ''آسکر'' کیلئے بھی نامزد ہوچکی ہے۔



پاکستان فلم انڈسٹری کے سنجیدہ حلقوں نے ترکی کی پہلی فلم ' محبت اک اتفاق 'کی ملک بھر میں نمائش کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے یہ فلم اہم کردار ادا کرے گی۔ ایک طرف تو مذکورہ فلم امپورٹ قوانین کے تحت بالی وڈ اسٹارز کی فلموں کی قائم ہوتی اجارہ داری کو روکے گئی اور دوسری طرف ہم ترکی میں بننے والی بین الاقوامی معیار کی فلم کو دیکھ کر بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ترکی میں زیادہ معیاری فلمیں بنائی جاتی ہیں اور مستقبل میں اگر پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ فلمسازی کا آغاز ہوتا ہے تو اس میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔

دوسری جانب ''ایکسپریس میڈیا گروپ'' نے جس طرح سے موجودہ بحرانی صورتحال میں سینما گھروں کی ویرانی کوکم کرنے کیلئے اس فلم کی تشہیر کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ یہ فلم پاکستانی سینما گھروں میں زبردست بزنس کرتے ہوئے نئے رجحانات کو فروغ دے۔
Load Next Story