تبدیلی آتے ہی پی سی بی کا موسم بھی بدل گیا

آفیشلز کو ایک ہی دن میں 2چیئرمین کرکٹ بورڈکی ’’خدمت‘‘ کا نادر موقع ملا

بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز میں ذکا اشرف کی جگہ دوبارہ نجم سیٹھی کے نام کی تختی لگا دی گئی۔ فوٹو: فائل

تبدیلی آتے ہی پی سی بی کا موسم بھی بدل گیا،نئے چیئرمین نجم سیٹھی نے قذافی اسٹیڈیم آنے میں تھوڑی سی تاخیر بھی گوارا نہ کی، مینجمنٹ کمیٹی کے دیگر ارکان سے پہلے ہی ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے۔

ذکا اشرف کیساتھ ایک تقریب میں شریک بورڈ عہدیدار بھی بھاگم بھاگ ہیڈ کوارٹرز واپس آگئے، یوں آفیشلز کو ایک ہی دن میں 2 چیئرمینزکی ''خدمت'' کا نادر موقع ہاتھ آیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے چیئرمین نجم سیٹھی مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان سے پہلے ہی سوا چار بجے دفتر پہنچ گئے، عمومی طور پر اعلیٰ افسرزکے داخلے کیلیے استعمال ہونے والے دروازے پر لگے کوڈ سسٹم کو کارڈ دکھانا پڑتا ہے۔




اس لیے نجم سیٹھی نے بذریعہ لفٹ بالائی منزل تک جانے کا راستہ اختیار کیا، اس صورتحال میں ذکا اشرف کیساتھ ایک ہوٹل میں تقریب میں شریک بورڈ عہدیداروں کو بھی معاملات سنبھالنے کیلیے بھاگم بھاگ ہیڈ کوارٹرز واپس آنا پڑا۔ یوں بورڈ آفیشلز کو ایک ہی دن میں 2چیئرمینزکی معاونت کا نادر موقع ہاتھ آیا، دریں اثنا عبوری دور میں پس منظر میں چلے جانیوالے ریجنز کے نمائندے مبارکباد کے پیغامات لیے پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان اور نجم سیٹھی کا استقبال کرنے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز میں ذکا اشرف کی جگہ دوبارہ نجم سیٹھی کے نام کی تختی لگا دی گئی۔
Load Next Story