قومی ٹی 20کپ ملتان نے راولپنڈی کو 2رنز سے قابو کر لیا

183رنزکاپیچھا کرنیوالی ٹیم نےآخری گیندتک مقابلہ کیامگر ناکامی ہی ہاتھ آئی،لاہور لائنز کو پشاور پینتھرز کے ہاتھوں مات

بہاولپور اسٹیگز کیخلاف یاسر اور یونس خان کی عمدہ بیٹنگ نے ایبٹ آباد فالکنز کوکامیابی دلادی، سیالکوٹ اسٹالینزبھی کامیاب، حارث سہیل کی شاندار ففٹی فوٹو: اے ایف پی/فائل

قومی ٹی 20 کپ میں ملتان ٹائیگرز نے میزبان راولپنڈی ریمز کو 2 رنز سے قابو کر لیا،183رنزکا پیچھا کرنے والی ٹیم نے آخری گیند تک مقابلہ کیا مگر ناکامی ہی ہاتھ آئی۔

عمران خان کی شاندار بولنگ نے پشاور پینتھرز کو لاہور ایگلز کیخلاف 7 وکٹ سے کامیابی دلادی،ایبٹ آباد فالکنز نے یاسر حمید کے ناقابل تسخیر97 اور کپتان یونس کے71 رنز کی بدولت بہاولپور اسٹیگز کو 77 رنز سے زیر کرلیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں ملتان ٹائیگرز اور میزبان ریمزکے میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا، ناکام ٹیم 183 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے فتح سے صرف 2 رنز پیچھے رہ گئی، اسے آخری اوور میں 18 اور چھٹی گیند پر5 رنز درکار تھے، تین بالز پر 2 چوکوں اور ایک ڈبل کی مدد سے 10 رنزبنانے والے جمال انور نے آخری گیند کو باؤنڈری تک تو پہنچایا مگر حریف فیلڈر نے اسے دبوچ کر صرف 2 رن لینے کی ہی مہلت فراہم کی، بابر نعیم 42 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

جمال انور(24) اورمحمد نواز22رنز کے ساتھ بغیر آؤٹ ہوئے میدان سے باہر گئے، کاشف نوید نے3 اورزین عباس نے2 وکٹیں لیں۔ قبل ازیں ملتان ٹائیگرز نے زین عباس(34) اور ذیشان اشرف (33) کے درمیان 71 رنز کی افتتاحی شراکت کی بدولت مقررہ اوورز میں5 وکٹ پر183 رنز بنائے، کاشف نوید 44 اور صہیب مقصود33 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، شادی کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے سہیل تنویر نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ عمران خان کی شاندار بولنگ نے پشاور پینتھرز کو لاہور ایگلز کیخلاف 7 وکٹ سے کامیابی دلا دی، پیسر نے دونوں اوپنرز عمران فرحت و اظہر علی کو ایک ہی اوور میں پویلین بھیجا اور 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں ٹاس ہار کر مجبوراً پہلے بیٹنگ کرنے والی لاہور ایگلز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر 104 رنز تک ہی پہنچ سکی، کامران اکمل 21، عابد علی24 ،محمد خلیل 22 اور عطااللہ 10 کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، عزیز اللہ نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ فاتح ٹیم نے عادل امین (40) اور محمد فیاض(35) کی بدولت ہدف16 ویں اوور میں 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، دونوں بیٹسمین ناقابل شکست رہے۔




جنید ضیا نے 2 وکٹیں لیں۔ سیالکوٹ اسٹالینز نے کوئٹہ بیئرز کو 72 رنز سے زیر کرتے ہوئے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، حارث سہیل نے 66 رنز کی اننگز کھیل کر فٹنس کے حوالے سے پائے جانے والے تاثر کو غلط ثابت کردیا، فرید اللہ کی 4 وکٹیں ناکافی ثابت ہوئیں۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد فالکنز نے یاسر حمید کے ناقابل تسخیر97 اور کپتان یونس کے71 رنز کی بدولت بہاولپور اسٹیگز کو 77 رنز سے شکست دی، فاتح سائیڈ نے مقررہ اوورز میں صرف ایک وکٹ گنوا کر 200 رنز بنائے، آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین حماد علی 18رنز بنا سکے، یاسر حمید اور یونس خان کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے ناقابل شکست 169 کی پارٹنر شپ بنی۔ پہاڑ جیسے ہدف کو حاصل کرنے کیلیے میدان میں اترنے والی اسٹیگز ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 123 رنز تک ہی پہنچ سکی،عنصر جاوید32ناٹ آؤٹ، فیصل مبشر29 اورکپتان عمران اللہ اسلم23رنز کے ساتھ تھوڑی بہت مزاحمت کر سکے، دیگر تمام بیٹسمین آتے اور جاتے رہے، خالد عثمان نے 3 اور جنید خان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں سیالکوٹ اسٹالینز نے کوئٹہ بیئرز کو 72 رنز سے زیر کرتے ہوئے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

فاتح سائیڈ نے 8 وکٹ پر 154 رنز بنائے، فریداللہ نے صرف 2 اوورز میں 11 رنز کے بدلے 4 وکٹیں اڑائیں، حارث سہیل نے 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگز کھیل کر فٹنس کے حوالے سے پائے جانے والے تاثر کو غلط ثابت کردیا،وکٹ کیپر شکیل عنصر نے 33 رنز بنائے، کپتان شعیب ملک کی اننگز 7 رنز تک محدود رہی۔ ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے کوئٹہ بیئرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں9 وکٹ پر صرف82 رنز تک ہی پہنچ سکی، رضا حسن نے ایک بار پھر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، لیفٹ آرم اسپنر نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، حسن علی بھی 3 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، عبدالرحمان نے 2 اور شعیب ملک نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا، پیسر بلاول بھٹی نے 3 اوورز میں صرف 5 رنز دیے مگر بدقسمتی سے کوئی وکٹ ان کے ہاتھ نہ آسکی۔
Load Next Story