ایم سی بی کو گزشتہ سال 21 ارب 49 کروڑ روپے کا منافع

حصص یافتگان کے لیے10 فیصد بونس شیئرز اور 3.50 روپے نقد منافع دینے کا اعلان

حصص یافتگان کے لیے10 فیصد بونس شیئرز اور 3.50 روپے نقد منافع دینے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

ایم سی بی بینک لمیٹڈ نے مالی سال2013کے دوران 21 ارب 49 کروڑ روپے مالیت کا خالص منافع حاصل کیا جس کے نتیجے میں ایم سی بی بینک نے اپنے حصص یافتگان کے لیے 10 فیصد بونس شیئرز کے ساتھ 3 روپے 50 پیسے کا نقد منافع دینے کا بھی اعلان کردیا ہے۔

یہ فیصلہ ایم سی بی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت بینک کے چیئرمین میاں محمد منشاء نے کی، اجلاس میں مالی سال2013کے دوران بینک کی مالی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔بورڈ اجلاس کو بتایا گیا 2013 کے دوران چیلنجز کے باوجود بینک کے قبل از ٹیکس منافع میں2فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور قبل از ٹیکس منافع 32ارب28کروڑ روپے رہا جبکہ بعد از ٹیکس منافع 4 فیصدکے اضافے سے 21 ارب 49کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا،اس دوران بینک کی فی حصص آمدنی 21روپے24پیسے رہی۔




بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بتایا گیا کہ بینک کے مجموعی اثاثوں کی مالیت6فیصد کے اضافے سے 815 ارب 51 کروڑ روپے رہی جبکہ بینک میں ہونے والی سرمایہ کاری میں گزشتہ برس 46 ارب 93 کروڑ روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور 2013 میں 449ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ 2012 کے دوران بینک میں ہونے والی سرمایہ کاری کی مالیت 268 ارب19کروڑ روپے رہی تھی،گزشتہ برس بینک کے نان پرفارمنگ قرضوں کی مالیت2ارب 29کروڑ روپے رہی، اس دوران بینک کے ڈپازٹس میں 87 ارب 2کروڑ69لاکھ روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
Load Next Story