بگ تھری سری لنکا نے بھی پٹری بدلنے کی تیاری کرلی

نئی تجاویز سے تحفظات دورہوگئے(بورڈ) حمایت ڈیل کے نتیجے میں نہیں کی،جنوبی افریقہ

نئی تجاویز سے تحفظات دورہوگئے(بورڈ) حمایت ڈیل کے نتیجے میں نہیں کی،جنوبی افریقہ۔ فوٹو: فائل

سری لنکا نے بھی مفادات کی خاطر بگ تھری کے معاملے پر پٹری بدلنے کی تیاری کرلی، بورڈ سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا نے کہا کہ نئی تجاویز سے ہمارے تحفظات دور ہوگئے۔


تفصیلات کے مطابق آئی سی سی میں بگ تھری کیخلاف پاکستان، سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں اتحاد بنا، عین وقت پر جنوبی افریقی بورڈ پلٹی کھا گیا جبکہ اب سری لنکا نے بھی اس معاملے پر بگ تھری کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، ایس ایل سی کے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا نے کہاکہ آئی سی سی کی نئی تجاویز ہماری پوزیشن کے لیے خطرہ نہیں ہیں،ان پر اعتراض کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ بطور ٹیسٹ ملک سری لنکا کو جو کچھ مل رہا ہے اس میں کمی ہو، اب جن نئی تجاویز کی منظوری دی گئی اس میں کئی چیزیں زیادہ واضح ہوگئی ہیں، پہلے پیپر میں یہ تھا کہ کرکٹ کونسل پر صرف تین بڑے ممالک کی حکمرانی ہوگی، مگر اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ پہلی مرتبہ اہم عہدوں پر بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے آفیشلز موجود ہوں گے اس کی وجہ نئی نشریاتی ڈیل ہے، اس کے بعد بورڈ میں شامل دیگر ممبران اپنی مرضی کا چیئرمین منتخب کرپائیں گے۔

دوسری جانب بھارتی بورڈ کے صدر این سری نواسن نے بھی سری لنکا کو اپنے موقف پر نظر ثانی کا مشورہ دیا ہے، انھوں نے کہاکہ سری لنکا کرکٹ ایک خود مختار باڈی اور اپنے فیصلے خود کرنا جانتی ہے، اسے سمجھنا چاہیے کہ کھیل کے مفاد میں کیا ہے۔ادھر جنوبی افریقی بورڈ کے صدر کرس نینزانی نے کہاکہ بگ تھری کی حمایت کسی ڈیل کے نتیجے میں نہیں کی، انھوں نے کہا کہ ہم نے آخری وقت پر فیصلہ تبدیل نہیں کیا بلکہ یکم فروری کو ہی مجھے اپنے بورڈ نے اس فیصلے کا اختیار دے دیا تھا، ہم نے میٹنگ سے پہلے پاکستان اور سری لنکا کو بھی اپنے موقف سے آگاہ کردیا تھا۔
Load Next Story