یونیورسٹی ترمیمی بل کیخلاف ہڑتال جامعات میں تدریس معطل

مطالبات نہ مانے گئے تو جامعات غیرمعینہ مدت کیلیے بند کردی جائیں گی، اساتذہ رہنما

یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ کے خلاف ہڑتال کے دوران جامعہ کراچی کی سڑکیں سنسان پڑی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سندھ کی سرکاری جامعات کے ترمیمی ایکٹ 2013 کے خلاف یونیورسٹی اساتذہ نے کراچی سمیت صوبے کی تمام سرکاری جامعات منگل کو بند کردیں،سندھ کی سرکاری جامعات میں منگل کو اساتذہ کی ہڑتال سے تدریسی عمل بند رہا اورکلاسز نہیں ہوئیں۔


تفصیلات کے مطابق جامعات کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم فپواسا نے یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ 2013 میں مجوزہ سفارشات شامل نہ کیے جانے پر غیر معینہ مدت تک جامعات بند کرنے کی دھمکی دی ہے جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی سمیت سندھ کی تمام سرکاری جامعات ویران رہیں، ہڑتال اورتدریسی عمل کے بائیکاٹ کا اعلان فپواسا کی جانب سے کیاگیا تھا اس موقع پر جامعہ کراچی،این ای ڈی یونیورسٹی، سندھ یونیورسٹی جامشورو، مہران انجینئرنگ یونیورسٹی،زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام،شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور اور قائدعوام یونیورسٹی نوابشاہ میں ہڑتال کے باعث تدریسی عمل بند رہا۔

ہڑتال پر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی اوراین ای ڈی یونیورسٹی کی اساتذہ انجمن کے رہنمائوں پروفیسر غضنفر حسین، پروفیسر جمیل کاظمی،پروفیسرعثمان علی شاہ اورڈاکٹرمطاہرشیخ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جامعات کے ترمیمی بل کو منظور ہوئے 6 ماہ ہوچکے ہیں اساتذہ کے احتجاج پر سندھ حکومت توجہ نہیں دے رہی، جامعات کی خود مختار حیثیت ختم کردی گئی ہے فپواسا کی سفارشات کو بل کاحصہ نہیں بنایاگیا، اگر اساتذہ کے مطالبات منظورنہ کیے گئے تو سرکاری جامعات غیرمعینہ مدت کے لیے بندکردی جائیں گی۔
Load Next Story