ایران میں اسلامی انقلاب کی 35 ویں سالگرہ ہر خصوصی تقاریب کا اہتمام

فوجی کارروائی کاآپشن کہیں بھی زیربحث نہیں، کسی بھی قسم کی دھمکی ایرانی عوام کومزید متحدکردے گی،صدرحسن روحانی کاخطاب

تہران میں ایرانی پرچم اور آیت اللہ خمینی کی تصویریں اٹھائے ہزاروں افراد کی ریلی،زبردست نعرے بازی،عوام کا جوش عروج پر۔ فوٹو: اے ایف پی

ایران میں اسلامی انقلاب کے 35برس مکمل ہونے پرعظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے ایرانی قوم کیخلاف پابندیوں کو غیرمنصفانہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ایران کیخلاف فوجی آپریشن کی بات کہیں بھی زیر بحث نہیں۔


ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی دارالحکومت میں ایران کے پرچم اور روح انقلاب آیت اللہ خمینی کی تصویریںاٹھائے ہزاروں افراد نے ریلی نکالی۔ لوگوں نے اس موقع پر ایران کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ حسن روحانی نے اقتدارسنبھالنے کے بعدپہلی بار کسی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کیخلاف پابندیاں ظالمانہ، غیرقانونی اورغلط ہیں۔ ایران منصفانہ مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ ہمارے مذاکرات ایرانی عوام کے فخر اور خواہشات کی بنیاد پر ہیں جو 6عالمی طاقتوں کیلیے تاریخی امتحان ہیں۔

اعتدال پسند صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا آپشن کہیں بھی زیربحث نہیں۔ کوئی بھی دھمکی یا خطرہ ایرانی عوام کو مزید متحدکردیگا۔ انھوں نے کہاکہ ایران نے پچھلے 2سو سال میں کسی ملک یا قوم پرحملہ نہیں کیا لیکن ایرانی عوام اپنے دفاع کیلیے متحدرہے۔ دریں اثنا ایران نے طویل فاصلے تک مار کرنیوالے میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا ہے جبکہ ایرانی صدر حسن روحانی نے کامیاب تجربے پر عوام کو مبارک باد دی ہے۔یہ میزائل تجربات انقلاب ایران کے 35برس مکمل ہونے کے موقع پر کیے گئے ہیں۔ 2 میزائلوں میں سے ایک کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایران کے وزیردفاع نے کہا کہ بینانامی میزائل مقامی وسائل سے تیارکیا گیا ہے۔
Load Next Story