مارش پر آسٹریلوی جو اکامیاب سنچورین میں سنچری بنا دی

جنوبی افریقی پیسرز کے دانت کھٹے، کینگروز نے 4 وکٹ پر297رنز اسکور کرلیے

سنچورین ٹیسٹ کے پہلے دن شان مارش جنوبی افریقی فاسٹ بولر مورن مورکل کی بائونسر کو ڈک کر رہے ہیں، آسٹریلوی بیٹسمین نے ناقابل شکست122 رنز اسکور کر کے اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا، فوٹو: اے ایف پی

شان مارش پر آسٹریلوی جواکامیاب ہوگیا، بمشکل ٹیم میں جگہ بنانے والے مڈل آرڈر بیٹسمین نے سنچورین ٹیسٹ میں ناقابل شکست سنچری سے پروٹیز پیسرز کے دانت کھٹے کردیے۔


لنچ سے قبل 72پر 3 وکٹیں گنوانے والے کینگروز نے مزید ایک نقصان اٹھا کر 297 رنز بنالیے، اسٹیون اسمتھ ایشز کی فارم برقرار رکھتے ہوئے 91پر ناٹ آئوٹ رہے۔ تفصیلات کے مطابق سنچورین ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقی پیسرز نے تابڑ توڑ حملوں سے حقیقت ظاہر کر دی کہ سیریز کینگروز کیلیے آسان مہم ثابت نہیں ہوگی، ڈیوڈ وارنر کو ڈیل اسٹین نے صرف 12رنز پر بولڈ کردیا، کرس روجرز 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے،انھیں مورن مورکل نے پال ڈومنی کی معاونت سے پویلین بھیجا، ڈیبیوٹنٹ ایلکس ڈولان کی مزاحمت 27رنز پر ختم ہوئی،انھیں میکلرین نے رابن پیٹرسن کی مدد سے پویلین بھیجا،لنچ سے قبل ہی 72 رنز پر 3وکٹیں گنوانے والی مہمان ٹیم کو کپتان مائیکل کلارک سے بڑی امیدیں تھیں لیکن ان کی اننگز 23 پر ڈیل اسٹین نے ختم کردی،کیچ فلینڈر نے تھاما۔

ٹیم کی سنچری مکمل ہونے سے قبل ہی ٹاپ آرڈر کے ڈھیر ہونے پر بھی شان مارش کے انہماک میں لرزش نہیں آئی، وہ پروٹیز پیسرز کے ساتھ اسپنرز کا بھی مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے 122رنز بناکر ناقابل شکست پویلین واپس گئے،اسٹیون سمتھ نے ایشز کی فارم برقرار رکھتے ہوئے91 ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیل کر بھرپور ساتھ نبھایا۔ آسٹریلوی ٹیم نے دن کا اختتام 4وکٹ پر 297 کرتے ہوئے پوزیشن مستحکم کرلی۔یاد رہے کہ شان مارش نے 2012 کے آغاز میں قومی ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں صرف 25کی اوسط سے رنز اسکور کیے ہیں،شیفلڈ شیلڈ میں بیٹنگ اوسط کے اعتبار سے وہ 34 ویں نمبر پر تھے،ان کی ٹیم میں شمولیت پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
Load Next Story