اسٹیٹ بینک کا خصوصی افراد کیلیے بینکاری لین دین آسان بنانے کی ہدایت

بینک معذور افرا دکے لیے مکالماتی اے ٹی ایم نصب کرنے کا جائزہ لیں، کیبنوں یا شاخوں میں ریمپ بھی بنایاجائے

خصوصی افراد کو قطار کے بغیر خدمات فراہم، ششماہی بنیاد پر اقدامات کی فہرست دی جائے، اسٹیٹ بینک، سرکلر جاری۔ فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں ، ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) اور مائیکروفنانس بینکوں کو معذور افراد کے لیے مکالماتی اے ٹی ایم کی تنصیب اور اے ٹی ایم بوتھ کو معذور افراد کے لیے قابل رسائی بنانے سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

جمعرات کو جاری کیے جانے والے سرکلر میں اسٹیٹ بینک نے ہدایت کی ہے کہ معذوری میں مبتلا خصوصی افراد کو سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کے لیے بینکوں کی شاخوں اور اے ٹی ایم کیبنوں میں رسائی کو آسان بنایا جائے، بینکاری ٹرانزیکشن کرنے یا کسی دیگر مالی سہولت سے استفادے کی خواہش رکھنے والے تمام خصوصی افراد کے ساتھ بینک،ترقیاتی مالی ادارے اور مائیکروفنانس بینک ترجیحی سلوک روا رکھیں یا قطار کے بغیر انہیں مدد فراہم کی جائے۔ اسٹیٹ بینک نے بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں اور مائیکروفنانس بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جہاں ممکن ہو سکے موجودہ شاخوں اور اے ٹی ایم کیبنوں کے داخلے پر ریمپ (ramp) تعمیر کریں تاکہ خصوصی افراد اور وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کی رسائی آسان بنائی جا سکے۔


بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں اور مائیکروفنانس بینکوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے نیٹ ورک کے توسیعی منصوبے کے سلسلے میں کوئی بھی نئی شاخ کھولتے یا اے ٹی ایم کیبن نصب کرتے وقت ریمپ تعمیر کرنے کا خصوصی طور پر خیال رکھیں، اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ نئے نصب کیے جانے والے اے ٹی ایم کیبنوں کی ساخت کو اس انداز میں ڈیزائن کیا جائے کہ خصوصی افراد اور وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کی ان تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔سرکلر کے مطابق اسٹیٹ بینک بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں اور مائیکروفنانس بینکوں سے یہ توقع کرتا ہے کہ وہ مکالماتی (ٹاکنگ) اے ٹی ایم کی تنصیب کے قابلِ عمل ہونے کا جائزہ لیں اور اس کے لیے دیگر بینکوں کی مشاورت سے شہر کے مختلف مقامات پر کم از کم ایک مکالماتی اے ٹی ایم کی تنصیب کو ممکن بنائیں۔ بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ لوگوں کو ایسی مکالماتی اے ٹی ایم کی موجودگی کے مقامات سے آگاہ کریں۔

اسٹیٹ بینک نے بینکوں/ ترقیاتی مالی اداروں / مائیکروفنانس بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خصوصی افراد کی سہولت کے لیے مذکورہ اقدامات پر عمل درآمد کے بعد ایسی تمام برانچوں اور اے ٹی ایم کیبنوں کی ایک فہرست اسٹیٹ بینک کو ششماہی بنیاد پر 30 جون 2014 سے فراہم کرنا شروع کر دیں۔
Load Next Story