مستقبل کے کرکٹ ستارے جگمگانے کیلیے تیار

میلہ یو اے ای میں سجے گا، آج 4 میچز کھیلے جائیں گے، پاکستانی ٹیم مہم کا آغاز کل روایتی حریف بھارت کیخلاف کریگی

میلہ یو اے ای میں سجے گا، آج 4 میچز کھیلے جائیں گے، پاکستانی ٹیم مہم کا آغاز کل روایتی حریف بھارت کیخلاف کریگی۔ فوٹو: فائل

انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کا میلہ آج سے سجے گا، متحدہ عرب امارت کے میدانوں میں مستقبل کے ستارے جگمگانے کیلیے تیار ہیں، افتتاحی روز 4 میچز کھیلے جائینگے، پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز ہفتے کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کریگی۔


افتتاحی روز جنوبی افریقی ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف دبئی اسٹیڈیم میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گی،1998 کی چیمپئن سائیڈ انگلینڈاور میزبان یواے ای کا مقابلہ شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں ہو گا۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شارجہ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، چوتھے میچ میں زمبابوے کا سامنا کینیڈا سے اوول ون اسٹیڈیم ابوظبی میں شیڈول ہے۔

ٹورنامنٹ میں شریک 16 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،گروپ اے میں پاکستان کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھارت، اسکاٹ لینڈ اور پاپوانیوگنی موجود ہیں، بی میں 3 مرتبہ کی عالمی چیمپئن اورگذشتہ ایونٹ کی رنززاپ سائیڈ آسٹریلیا کے ہمراہ بنگلہ دیش، افغانستان اور نمیبیا کو جگہ دی گئی، سی جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور کینیڈا پر مشتمل ہے، گروپ ڈی میں انگلینڈ کو سری لنکا، نیوزی لینڈ اورمیزبان متحدہ عرب امارات کا چیلنج درپیش ہوگا۔ ہر گروپ سے2 بہترین ٹیمیں کوارٹرفائنل کیلیے کوالیفائی کرلیں گی،آخری دوسائیڈز کو پلیٹ چیمپئن شپ میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔ ہفتے کوگرین شرٹس کا دفاعی چیمپئن بھارت سے میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔ یادرہے کہ پاکستان ٹیم نے یواے ای اور آسٹریلیا کیخلاف دونوں وارم اپ میچز واضح مارجن سے جیتے، بھارت کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Load Next Story