قومی اداروں کے سربراہان کا تقرر میرٹ پر ہوتا ہے صدر ممنون

سندھ کے اسکولوں میں معیار تعلیم بہتر بنانیکی ضرورت ہے، سندھی میڈیا کے وفد سے بات چیت

سرکاری اشتہارات کا کوٹا بڑھایا جائیگا، سندھی میڈیا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی۔ فوٹو: فائل

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ وفاقی سیکریٹریوں اور قومی اداروں کے سربراہان کے انتخاب میں کسی صوبے یا کسی بھی زبان سے کوئی امتیازی سلوک نہیں ہوتا، ملک میں سب کچھ میرٹ پر کیا جاتا رہا ہے۔


وہ جمعرات کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں سندھی میڈیا کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ انھوں نے سندھی اخبارات و میڈیا کو درپیش مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفدکے شرکا نے صدر ممنون حسین کو سندھ کی سیاسی و اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا۔ شرکا نے دعویٰ کیا کہ وفاقی سیکریٹریوں اور مختلف اداروں میں تقرریوں میں سندھ کا کوٹا نظر انداز کیا جارہا ہے۔ صدر مملکت جو کہ ملک کی 17 جامعات کے چانسلر بھی ہیںنے سندھ کے اسکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

صحافیوں نے صدر مملکت سے مطالبہ کیا کہ صوبوں کو مزید خود مختاری دی جائے، قدرتی وسائل پر سندھ کے 50 فیصد کوٹے پر عمل درآمد کرایا جائے اور سندھ ہائی کورٹ میں دیہی سندھ کا حصہ بڑھایا جائے۔ اس موقع پر قاضی اسد عابد نے صدر مملکت کو سندھی میڈیا سے سرکاری اشتہارات میں امتیازی سلوک روا رکھے جانے سے متعلق شکایت کی جس پر صدر نے انھیں یقین دلایا کہ سرکاری اشتہارات کا کوٹا بڑھایا جائے گا۔
Load Next Story