30 سال سے کراچی میں لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے شرجیل میمن

ٹارگٹڈ آپریشن کو تعصب کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا

ٹارگٹڈ آپریشن کو تعصب کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے، حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات وبلدیات شرجیل میمن نے کہاہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کو تعصب کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے۔


متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان کا جوش خطابت اچھی بات ہے لیکن حقائق ، حقائق ہوتے ہیں، چیخنے چلانے سے حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا ،ان زمینی حقائق سے انکار بھی نہیں کیا جا سکتا،حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ25، 30 سال سے کراچی میں معصوم لوگوں کا قتل ہو رہا ہے اور خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے،کیا کسی کو اس بات کا پتہ نہیں ہے کہ کراچی میں کیا ہو رہا ہے ، ایم کیو ایم والے ہم سے کیا کہلوانا چاہتے ہیں، وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن کے نکتہ اعتراض پر بیان دے رہے تھے ، خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعرات کو ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ سادہ لباس میں سکیورٹی اہلکار کسی کو گرفتار نہیں کریں گے لیکن میرے حلقے میں انار کلی بازار سے ہمارے کارکن شاہ رخ ولد کبیر کو سادہ لباس میں لوگ رات میں اٹھا کر لے گئے، اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ انھیں گرفتار کیا گیا ہے یا وہ اغوا ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی وزیر کو ایم کیو ایم کے تحفظات سے آگاہ کیا تھا اور انھیں بتایا تھا کہ ہمارے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل ہو رہے ہیں اور ماورائے آئین اقدامات ہو رہے ہیں ، ٹارگٹڈ آپریشن میں 15 ہزار گرفتاریاں ہوئی ہیں ، جن میں سے صرف 63 افراد ایسے ہیں ، جن کا تعلق طالبان یا کالعدم تنظیموں سے ہے، یہ کیا ہو رہا ہے،کراچی میں کوئی بھی واقعہ ہو تو پولیس والے کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم والوں کو ڈھونڈ،دہشت گردی کے واقعات کی ذمے داری طالبان قبول کر رہے ہیں ۔ اس کے بعد تو ایم کیو ایم کو ہر واقعہ میں ملوث قرار دینے کا رویہ تبدیل ہونا چاہیے ، لگتا ہے کہ کسی منصوبہ بندی کے تحت کراچی کو حوالے کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ، ایک ماہ بعد طالبان کا یہ بیان آ جائے گا کہ وہ کراچی کو خود کنٹرول کریں گے،انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کی برداشت ختم ہوتی جارہی ہے ، آنے والے وقت میں شاید حکومت سندھ کے پاس صورت حال کو کنٹرول کرنے کا وقت بھی نہ ہو، طالبان کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی ہے ، صرف ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے ۔
Load Next Story