گورنر اسٹیٹ بینک نے ذاتی مصروفیات پر استعفیٰ دیا اسحاق ڈار

کوئی گھر جانا چاہے تو گن پوائنٹ پرکام جاری رکھنے کا نہیں کہہ سکتے، سینیٹ میں بیان

گزشتہ دور حکومت میں 6 ماہ اور ڈیڑھ سال کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک استعفیٰ دے کر گھر جاتے رہے،وزیرخزانہ۔ فوٹو: فائل

لاہور:
وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کا استعفیٰ ان کا ذاتی معاملہ ہے، گزشتہ دور حکومت میں 6 ماہ اور ڈیڑھ سال کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک استعفیٰ دے کر گھر جاتے رہے، ہم نے تو اس پرکوئی ہنگامہ کھڑا نہیں کیا۔


سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے ارکان کے توجہ دلاوئو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگرکوئی استعفیٰ دے کر گھر جانا چاہے تواس کو گن پوانٹ پرکام جاری رکھنے کے لیے نہیں کہہ سکتے ، گورنر ذاتی مصروفیات کے باعث کام نہیں کر پا رہے تھے، ان کا بیٹا ہیڈ انجری کا شکار ہے ، نئے گورنر بینک کا تقرر قانون کے مطابق ہوگا، 90 روز میں نیا گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیا جائے گا،جس کا تقرر بھی ہوگا شفاف طریقے سے ہوگا، توانائی بحران، معیشت اور انتہا پسندی کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ سزائے موت پرعملدرآمد کو موخر کیا گیا ہے، معطل نہیں، 2007 سے سزائے موت کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا، اگست 2013 میں صدر اور وزیراعظم کی اس حوالے سے مشاورت ہوئی ہے اس حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

گزشتہ 5 سال میں 1257 افراد لاپتہ ہوئے۔ 2008 سے اب تک پاکستان میں 37 صحافی قتل ہوئے، سندھ میں 17، خیبرپختونخوا میں 6 ، فاٹا میں 5 ، آئی سی ٹی میں ایک اور بلوچستان میں 8 صحافیوں کو قتل کیا گیا جبکہ پنجاب میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ صحافیوں کے تحفظ اور شہدا کے متاثرہ خاندانوں کی مالی اعانت کے لیے وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور وزیراطلاعات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو صحافی تنظیموں سے مشاورت سے لائحہ عمل اختیار کر رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بیرون ملک سے امداد لینے والی یونیورسٹیوں، این جی اوز اور خیراتی اداروں سے متعلق سوال موخرکرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس سوال کا تفصیلی جواب فراہم کیا جائے۔
Load Next Story