بیشتر اشیا کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے اضافہ

سونا 60، پلاٹینم 47، پلاڈیم 29 ڈالر فی اونس مہنگا، چاندی اورخام تیل کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں

بیشتر صنعتی دھاتوں کے دام بلند،چینی کے بھاؤ 8.5 ڈالر اضافے سے441 ڈالرفی ٹن ہوگئے۔ فوٹو: فائل

اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا، امریکا اور چین میں طلب بڑھنے کے امکانات اور کمزور ڈالر کی وجہ سے خام تیل اور سونے کی قیمتیں کئی ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔


گزشتہ ہفتے کے دوران بدھ کو امریکی آئل کی قیمت4 ماہ کی بلند سطح 100.37 ڈالر اور برینٹ کی قیمت سال کی بلند ترین سطح 110 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی تاہم جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی قیمت 109.08 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جو ہفتے کے آغاز پر 108.01 ڈالر فی بیرل تھی، نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی قیمت ایک ہفتے میں 98.13 ڈالر سے بڑھ کر 100.30 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے میں 60 ڈالر کے اضافے سے 1319 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت 19.87 ڈالر سے بڑھ کر 21.09 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

لندن پلاٹینم اینڈ پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1379 ڈالر سے بڑھ کر 1426 ڈالر اور پلاڈیم کی 711 ڈالر سے بڑھ کر 740 ڈالر فی اونس ہوگئی، گزشتہ ہفتے بیشتر صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، لندن میٹل ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران 15ڈالر کے اضافے سے 7158 ڈالر فی ٹن ہو گیا، ایلومینیم کی قیمت 1722 ڈالر سے بڑھ کر 1751.75 ڈالر فی ٹن پر جاپہنچی، لیڈ کی قیمت میں بھی 8 ڈالر کا اضافہ ہوا اور قیمت 2140 ڈالر فی ٹن ہوگئی، ٹین کی قیمت 22ہزار930 ڈالر پر بند ہوئی جو ایک ہفتے قبل 22ہزار160 ڈالر فی ٹن تھی، کلئی کی قیمت 14 ہزار 140 سے بڑھ کر 14ہزار295 ڈالر فی اونس ہوگئی، جست کی قیمت 20 ڈالر کی کمی سے 2044.75 ڈالر فی ٹن ہوگئی، گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، لندن میں سفید چینی کی قیمت 8.5 ڈالر کے اضافے سے 441 ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ خام چینی کی قیمت 15.68 سینٹ سے بڑھ کر 15.94 سینٹ فی پائونڈ ہوگئی۔
Load Next Story