بھارتی ٹیم ویلنگٹن ٹیسٹ میں فتح کا دیا جلانے لگی

438 رنز بناکر پوزیشن مضبوط کرلی،راہنے کی سنچری، دھون98 پر رخصت ہوگئے

438 رنز بناکر پوزیشن مضبوط کرلی،راہنے کی سنچری، دھون98 پر رخصت ہوگئے۔ فوٹو: کرک انفو/فائل

ناکامیوں کے بھنور میں الجھی ہوئی بھارتی ٹیم ویلنگٹن میں فتح کا دیا جلانے لگی، دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 438 رنز بناکر اپنی پوزیشن انتہائی مضبوط کرلی۔


اجنکیا راہنے نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، شیکھر دھون تھری فیگر اننگز سے صرف 2 رنز دور رہ گئے، دھونی نے بھی ففٹی بنائی، ٹرینٹ بولٹ، ٹم سائوتھی اور نیل ویگنر نے3،3 وکٹیں لیں، جواب میں نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں صرف 24 رنز پر ایک وکٹ گنوا دی، خسارہ پورا کرنے کے لیے اب بھی 222 رنز درکار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے2011 کے بعد ملک سے باہر پہلی ٹیسٹ فتح کا امکان روشن کرلیا ہے، مہمان سائیڈ نے دوسرے دن کا آغاز 2 وکٹ 100 سے کیا، نائٹ واچ مین ایشانت شرما کو 26 رنز پر ٹرینٹ بولٹ نے کاٹ بی ہائنڈکرایا، شیکھر دھون نے ٹم سائوتھی کی گیند پر وکٹ کیپر واٹلنگ کا کیچ بننے سے قبل 98 رنز اسکور کیے، روہت شرما کو صفرپر جیمی نشام نے قابوکیا، ویرت کوہلی 38 رنز پر ویگنر کی گیند پر بولٹ کا کیچ ثابت ہوئے۔

اجنکیا راہنے اور دھونی کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 120کی شراکت ہوئی، کپتان 68 رنز بناکر بولٹ کی گیند پر وکٹوں کے عقب میں کیچ ہوئے، جڈیجا 26 رنز پر ویگنر کی گیند پر فلٹن کا کیچ بنے، اجنکیا راہنے کا ٹم سائوتھی کی گیند پر بولٹ نے کیچ لیا، انھوں نے 118 رنز بنائے، یہ بھارت کی جانب سے کسی بھی بیٹسمین کی نمبر 7 پوزیشن پر ملک سے باہر چھٹی سنچری ہے۔ ظہیر خان کو 17 رنز پر ایک موقع ملا جب تھرڈ امپائرکی جانب سے ویگنر کی گیند کو نوبال قرار دینے پر انھیں واپس بلالیا گیا،22 کے اسکور پر وہ ویگنر کا ہی شکار ثابت ہوئے۔ جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 24 رنز بنائے تھے، پیٹر فلٹن کو ایک رن پر ظہیر خان نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
Load Next Story