انڈر 19 ورلڈ کپ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی کوارٹر فائنل میں رسائی

پروٹیز نے کینیڈا کو 45 رنز سے قابو کرلیا، یاسین کی آل رائونڈ پرفارمنس، پاکستان کا آج پاپوا نیوگنی سے ٹاکرا

ویسٹ انڈیز نے زمبابوے پر 167 رنز سے ہاتھ صاف کرلیا، تیگا نارائن چندرپال کے 84 ناٹ آئوٹ، نیوزی لینڈ نے یو اے ای کوچت کردیا، روبرٹ کی سنچری۔ فوٹو: فائل

انڈر19 ورلڈ کپ میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ نے مسلسل دوسری فتوحات کی بدولت کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی، آئی لینڈرز نے سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

سدیرا سمارا وکرما نے 82 کی اننگز کھیلی، پروٹیز نے کینیڈا کو45رنز سے قابو کرلیا، فاتح ٹیم کے یاسین ولی نے آل رائونڈ پرفارمنس دیتے ہوئے سنچری بنانے کے بعد چار وکٹیں بھی لیں، ویسٹ انڈیز نے زمبابوے پر 167رنز سے ہاتھ صاف کرلیا،شیو نارائن چندر پال کے بیٹے تیگانارائن چندرپال کے 84 ناٹ آئوٹ نمایاں رہے، نیوزی لینڈ نے میزبان متحدہ عرب امارات کو 112رنز کے بھاری مارجن سے چت کردیا، روبرٹ اوڈنیل 107 پر ناقابل شکست رہے ، پاکستان کا دوسرا مقابلہ پیر کو پاپوا نیوگنی سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ میں سری لنکا اور جنوبی افریقہ نے مسلسل دوسری فتوحات ملنے پر کوارٹر فائنل میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا،گروپ 'ڈی' میں سری لنکا نے سخت حریف انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے میں ایک وکٹ سے مات دی، ناکام سائیڈ نے پہلے کھیل کر مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 230رنز اسکور بورڈ پر سجائے، جوناتھن ٹیٹرسل 95 اور ول رہوڈز38رنز بناکر نمایاں رہے۔


انوک فرنانڈو نے 3 جبکہ ہرشا راجاپکسے اور بینورو فرنانڈو نے 2،2 پلیئرز کو میدان بدر کیا، سری لنکن ٹیم نے ہدف 9 وکٹیں گنواکر سات بالز قبل حاصل کیا، سدیرا سمارا وکرما 82 اور تھالیکشا سمن ناسیری 43 رنز بنانے میں کامیاب رہے، روب سیئر، جوش سائو اور ول رہوڈز نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ اسی گروپ کے دوسرے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے یواے ای پر 112رنز کے بھاری مارجن سے قابو پایا، کیویز نے 5وکٹ پر 281رنز بنائے، روبرٹ اوڈونیل 107 پر ناٹ آئوٹ رہے، شوان ہکس نے 70رنز بنائے، یواے ای کی ٹیم 49.4 اوورز میں 169 پر ہمت ہاربیٹھی، چراغ سوری 57، شاہ رخ احمد27 اور معاذ قاضی23رنز بناکر نمایاں رہے، جیک ہنٹر نے 3 شکار کیے۔گروپ ' سی ' میں جنوبی افریقہ نے کینیڈا کو 45رنز سے مات دے دی، فاتح سائیڈ نے 6 وکٹ پر 293 رنز جوڑے، یاسین ولی نے 102 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کیرون کرسٹوفیلز 57 اور بریڈلے ڈائل 47رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نکھل دتہ نے 3 مہرے کھسکائے۔

کینیڈا کی ٹیم جوابی اننگز میں 8 وکٹ پر 248رنز بناپائی، سودیپتا 69 اور نتیش کمار53 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، یاسین ولی نے 4 جبکہ سیبونلی مکھایا نے 3 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔ویسٹ انڈیز نے زمبابوے پر 167رنز سے ہاتھ صاف کرلیا، وننگ سائیڈ نے 6 وکٹ پر 275کا مجموعہ ترتیب دیا،تیگانارائن چندرپال نے 84 ناٹ آئوٹ بنائے، جوناتھن ڈارکس 50 اور شیمرون ہیٹمائر 49رنز اپنے نام جوڑ پائے، میلکم لیک نے 2 وکٹیں لیں، زمبابوین ٹیم 39.4 اوورز میں 108 پر ڈھیر ہوگئی، کیرین گیل 45رنز بناکر کچھ مزاحمت پیش کرپائے، پیٹر میک سیوین اور رے جورڈن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔پیر کو شیڈول میچز میں پاکستان کا مقابلہ پاپوا نیوگنی سے ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم نمیبیا سے صف آرا ہوگی، آسٹریلیا کی ٹیم افغانستان کا امتحان لے گی اور بھارت کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے طے ہے۔
Load Next Story