حکومت آئی ٹی شعبے میں انقلابی اقدامات کررہی ہے انوشہ رحمن

پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم مرکز بننے کی استعداد رکھتاہے،دورہ قطر پر ہم منصب سے گفتگو

وفاقی وزیرنے ملک میں سرمایہ کاری مواقع اور تھری جی نیلامی کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں انقلابی اقدامات متعارف کرا رہی ہے تاکہ 18 کروڑ آبادی ٹیکنالوجی کی ترویج سے بھرپورفائدہ اٹھا سکے۔


ان خیالات کا انہوں نے اعلی سطع کے وفد کے ہمراہ دورہ قطر کے دوران قطر کی وزیر انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر حیسا الجبر سے ہونیوالی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت انوشہ رحمن نے اپنے ہم منصب کو ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان میں تھری جی ٹیکنالوجی کی نیلامی کے حکومتی منصوبے سے آگاہ کیا۔ انوشہ رحمن نے قطر کی وزیر ٹیکنالوجی کو بتایا کہ حکومت پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلابی اقدامات متعارف کرا رہی ہے تاکہ 18 کروڑ آبادی ٹیکنالوجی کی ترویج سے بھرپورفائدہ اٹھا سکے۔ بیرونی سرمایہ کاری کے ضمن میں وزیر مملکت نے بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ مستحکم کمپنیوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا سکیں تا کہ وہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔ انوشہ رحمن نے اپنی ہم منصب کو مزید بتایا کہ حکومت ملک میں امن اور استحکام کے لیے بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے کاوشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں موجود ماہرین اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے سبب پاکستان جنوبی ایشیا کا ایک اہم مرکز بننے کی استعداد رکھتا ہے۔

وزیر مملکت نے ان معاشی اصلاحات کا بھی ذکر کیا جو حکومت قومی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے رائج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وزیر مملکت نے قطر کی وزیر کمیونیکیشن کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب اور پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر حیسا الجبر نے پاکستان اور قطر کے باہمی تعلقات کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین انتہائی برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کیلیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور ٹیکنالوجی کی ترویج کیلیے پاکستان کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ قطری وزیر نے یقین دلایا کہ دونوں ممالک ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ اس موقع پر وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے قطر کے ٹیلی کام آپریٹرزسے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں پاکستان میں ہونے والی اسپیکٹرم کی نیلامی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
Load Next Story