زرداری نے متحدہ سے مذاکرات کا ٹاسک نہیں دیا شرجیل میمن

آخری دہشت گرد تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا، سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو

آخری دہشت گرد تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا، سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیراطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں آخری ٹارگٹ کلراور دہشت گرد تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔


دبئی میں پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف زرداری نے انھیں ایم کیوایم سے مذاکرات کاکوئی ٹاسک نہیں دیا ہے ، اس سلسلے میں میڈیا میں آنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، صوبے بھرمیں صحافیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر وہ خاموش نہیں رہیں گے، زرعی یونیورسٹی میں رینجرزکی جانب سے مقامی ٹی وی کے کیمرا مین اور رپورٹر کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی تحقیقات کریں گے جبکہ مقامی روزنامے کے اسلام آباد کے بیوروچیف قربان بلوچ کے رشتے داروں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کیے جانے کی فوری تحقیقات کرائی جائے گی اور اگران پر غلط مقدمات قائم کیے گئے ہوں گے تو وہ فوری طور پرختم کرائے جائیں گے،۔ وہ پیر کوسندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسمبلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں کی جانب سے کیے گئے واک آؤٹ کے بعد میڈیا گیلری میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پرکراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے ) کے صدر جی ایم جمالی ، سینیئرصحافیوں حبیب خان غوری ، شاہد جتوئی،بچل لغاری ، رفیق بلوچ اور دیگر نے صوبائی وزیر کو مقامی ٹی وی اور مقامی اخبار کے صحافیوں اور کیمرا مین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں سے آگاہ کیا اورمطالبہ کیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور اس کی رپورٹ ملنے کے بعد اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ دادو میں مقامی اخبار کے اسلام آباد کے بیورو چیف کے رشتے داروں کی بلاجواز گرفتاری پرایس ایس پی دادو سے فوری رابطہ کیا جائے گا اور اگرمقدمات جھوٹے ہوئے توانھیں ختم کردیا جائے گا اور اس میں ملوث عناصرکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس اور اس سلسلے میں سندھ اسمبلی میں ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر کی جانب سے بیان کا انھیں علم نہیں ہے اور یہ ن لیگ کا معاملہ ہے وہی بہتر جواب دے سکتے ہیں۔
Load Next Story