دیارِ غیر میں بھارت کے چہرے پر سیاہی مل گئی

نیوزی لینڈ کیخلاف ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا ہونے سے سیریزگنوا دی، ورلڈ نمبر دو ٹیم کو ساتویں رینک سائیڈ نے رسوائی کا شکارکیا

بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد کیویز کھلاڑی اپنی فتح کا جشن منا رہے ہیں۔فوٹو:گیٹی امیجز

دیار غیر میں بھارت کے چہرے پر سیاہی مل گئی، ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا ہونے سے سیریز ہاتھ سے نکل گئی، ورلڈ نمبر دو ٹیم کو ساتویں رینک سائیڈ نے رسوائی کا شکار کر دیا۔

دوسرے میچ میں435 رنز کے ہدف کا پیچھا کرنے والی مہمان ٹیم کی ٹاپ 3 وکٹیں صرف 54 رنز پر اڑگئیں، ویرت کوہلی نے ناقابل شکست سنچری بناکر مزید رسوائی سے بچایا، اس سے پہلے میزبان نے دوسری اننگز 680 رنز پر ڈیکلیئرڈ کی، برینڈن میک کولم نے302رنز بنائے، جیمی نیشام137 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، ظہیر خان نے 5 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے اپنے کپتان برینڈن میک کولم کی ریکارڈ ساز ٹرپل سنچری کی بدولت ویلنگٹن ٹیسٹ میںنہ صرف شکست کو ٹالا بلکہ بھارت کے خلاف فتح کی آس بھی جگائی، مگر ویرت کوہلی نے ٹیم کو مزید رسوائی سے بچالیا۔ مہمان ٹیم کو فتح کیلیے 67 اوورز میں 435 رنز کا مشکل ترین ہدف ملا،آغاز میں ہی کیویز نے اسے اپنے نشانے پر رکھ لیا، شیکھر دھون صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں ٹرینٹ بولٹ نے ایل بی ڈبلیو کیا، مجموعی اسکور جب 10 تک پہنچا تو مرلی وجے بھی 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انھیں ٹم سائوتھی نے کورے اینڈرسن کی مدد سے قابو کیا۔


تیسری وکٹ اس وقت گری جب چتیشور پجارا صرف 17 رنز بناکر سائوتھی کا شکار بن گئے، کیچ وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ نے تھاما، اس موقع پر نیوزی لینڈ کی سیریز میں کلین سوئپ کی امیدیں بحال ہونا شروع ہوئیں مگر اس بار بھارتی ٹیم نے آسانی سے ہتھیار نہیں ڈالے، ویرت کوہلی نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 135 بالز پر 1 چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 105 رنز اسکور کیے، یہ ان کی چھٹی ٹیسٹ سنچری ہے، دوسرے اینڈ پر موجود روہت شرما31 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دن کا آغاز 571 رنز 6 وکٹ سے کیا، برینڈن میک کولم کو ٹرپل سنچری مکمل کرنے کیلیے 19 رنز درکار تھے۔

انھوں نے احتیاط سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، اس دوران جیمی نیشام نے ایشانت شرما کو چوکا لگایا اور اگلی گیند پر2 رنز بنا کر ڈیبیو پر سنچری کا اعزاز حاصل کیا، اگلے اوور میں میک کولم نے ظہیر خان کی گیند کو تھرڈ مین بائونڈری کی جانب کھیل کر ٹرپل سنچری مکمل کی، گرائونڈ میں موجود شائقین نے کھڑے ہوکر انھیں خراج تحسین پیش کیا، میک کولم اس کے بعد آئوٹ ہوگئے، ظہیر کی گیند بیٹ کا کنارہ چھوتے ہوئے دھونی کے گلوز میں لینڈ کرگئی، انھوں نے 302 رنز بنائے، ٹم سائوتھی 11 رنز پر ظہیر خان کی پانچویں وکٹ بنے کیچ پجارا نے تھاما، جیمی نیشام 137 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔
Load Next Story