گلے میں تکلیف سعید اجمل کیمپ میں رپورٹ نہ کرسکے

کرکٹرز نے ٹریننگ اورنیٹ پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھا، سیکیورٹی پر لیکچر دیا گیا

فاؤنٹین پلیئرز کیساتھ نئے فیلڈنگ کوچ شعیب کی بھی رہنمائی کرتے دکھائی دیے۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ کی تیاری کیلیے قومی کرکٹ تربیتی کیمپ کا لاہور میں آغاز ہوگیا، سعید اجمل گلے میں تکلیف کی وجہ سے پہلے روز رپورٹ نہ کرسکے، دیگر کرکٹرز نے صبح کے سیشن میں ٹریننگ اور سہ پہر کو نیٹ پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھا۔


تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیا کپ میں اعزاز کے دفاع کیلیے پُرعزم قومی ٹیم نے منگل کو قذافی اسٹیڈیم میں کیمپ کا آغاز کردیا، آف اسپنر سعید اجمل گلے میں تکلیف کی وجہ سے تربیتی کیمپ کے پہلے روز رپورٹ نہ کرسکے، وہ ممکنہ طور پر بدھ کے روز دیگر کرکٹرز کو جوائن کرلینگے، صبح کے سیشن میں سب سے پہلے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی پر لیکچر دیا گیا جس کے بعد فزیکل ٹریننگ شروع ہوئی، ہیڈ کوچ معین خان، بولنگ کوچ محمد اکرم اور فیلڈنگ کوچ شعیب محمد ایکشن میں نظر آئے، کوچنگ اسٹاف میں غیر ملکی فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین بھی خاصے سرگرم رہے۔

انھوں نے پلیئرز کو مفید ٹپس دینے کیساتھ نئے فیلڈنگ کوچ شعیب محمد کی بھی رہنمائی جاری رکھی۔سہ پہر کو دوسرے سیشن میں کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں مصروف رہے، میدان میں 2 الگ نیٹ لگانے کیساتھ وسط میں پچ پر میچ پریکٹس کا انداز بھی اختیار کیا گیا،اس عمل سے کرکٹرز کو بیٹنگ کے دوران وکٹوں کے درمیان رننگ جبکہ بولنگ کرتے ہوئے فیلڈنگ کے مواقع بھی میسر آئے،کوچز اس تمام عمل کا باریکی سے جائزہ لیتے ہوئے کھلاڑیوں کو مفید مشورے دیتے رہے۔یاد رہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 25 فروری سے بنگلا دیش میں شروع ہو گا۔
Load Next Story