غربت کے مارے زمبابوین کرکٹرز چور بننے لگے

پولیس نے ایک سابق انٹرنیشنل کھلاڑی کو موبائل چھیننے کے جرم میں گرفتارکرلیا

پولیس نے ایک سابق انٹرنیشنل کھلاڑی کو موبائل چھیننے کے جرم میں گرفتارکرلیا۔ فوٹو: فائل

زمبابوے میں غربت کے مارے کرکٹرز چوری چکاری پر اترآئے، ایک سابق انٹرنیشنل کھلاڑی کو پولیس نے موبائل چھیننے کے جرم میں گرفتار کیا، ہڑتال ختم ہونے کے باوجود پلیئرز کے خدشات دور نہیں ہوئے۔


تفصیلات کے مطابق زمبابوے میں معاشی صورتحال نہایت ابتر اور اس کے اثرات کرکٹ پر بھی صاف دیکھے جاسکتے ہیں، بورڈ ادھار مانگ مانگ کر ضروریات پوری کررہا ہے۔ اب انکشاف ہواکہ کرکٹرز غربت سے تنگ آکر چوری چکاری میں بھی مبتلا ہونے لگے ہیں، پولیس نے گذشتہ دنوں موبائل چھینتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا تو علم ہوا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹر رہ چکا اور اب بھی 30 برس کا نہیں ہوا ہے، مگر کرکٹ میں مستقبل نہ ہونے پر وہ اس سے الگ ہوگیا، مذکورہ کھلاڑی ہرارے میں منشیات بیچنے والے اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک ایسی بلڈنگ میں رہتا ہے جہاں طوائفوں کا بسیرا ہے۔

زمبابوے کے کرکٹرز گذشتہ چند ماہ سے معاوضوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہڑتال پر تھے، بورڈ کو ادائیگی کے لیے ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑا، جہاں سے قرض ملنے پر کھلاڑیوں کو رقم ادا کی گئی، سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کا کہنا ہے کہ ہمیں نقصان کا سودا ثابت ہونے والے ٹورز سے جان چھڑانا ہوگی، بھارت سے بھی7میچز کا ٹور5 مقابلوں تک محدود رہا جس سے کافی نقصان ہوا،انھوں نے مزید کہا کہ بورڈ نے فی الحال تو معاوضے ادا کردیے مگر کب تک ایسا چلتا رہے گا۔
Load Next Story