سی ٹی ڈی کی نیوکراچی میں کارروائی سنی تحریک کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار
فضل الرحمان عرف فضلو 2011 سے شہر میں قتل و غارتگری میں ملوث رہا ہے
سی ٹی ڈی ٹارگٹ کلنگ سیل نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب نیوکراچی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس ٹارگٹ کلنگ میں ملوث سنی تحریک کا نہایت مطلوب دہشت گرد فضل الرحمان عرف فضلو نیو کراچی سے گرفتار کیا گیا ۔
گرفتار ملزم ٹارگٹ کلنگ ٹیم لائنز ایریا کا انچارج و سابقہ یونٹ انچارج ہے جو سال 2011 سے شہر میں قتل و غارت کے عمل میں ملوث رہا ہے ، ملزم کے کرمنل ریکارڈ کے مطابق سال 2011-2015 میں ٹارگٹ کلنگ ، پولیس مقابلہ ، قتل ، اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں ملوث و مفرور رہا ہے ۔
ملزم نے 2011 میں اپنے ساتھیوں سمیت بی ھائنڈ چوک لائنز ایریا پر حبیب سوئیٹس کے مالک عدیل کو بھتہ نا دینے پر قتل کیا ، سال 2012 میں ساتھیوں سمیت لائنز ایریا میں ایم کیو ایم کے کارکن صلاح الدین کو گولیاں ماریں ، سال 2012 ہی میں ایم کیو ایم کے کاؤنسلر بابو ریڈ کو پی ای سی ایچ ایس میں ساتھیوں سمیت ٹارگٹ کر کے قتل کیا ، سال 2012 میں ساتھیوں سمیت پولیس آفیسر اے ایس آئی علی محسن نقوی کو اس وقت قتل کیا جب وہ اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس آرہا تھا ، 2012 میں تھانہ بریگیڈ کی پولیس موبائل پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا اور موقعہ سے فرار ہوگئے۔
اس نے سال 2013 میں ساتھیوں سمیت ہڑتال کے دوران گاڑیوں کو لوٹا اور آگ لگا کر جلا دیا ، متعلقہ تھانہ جات سے انکشافات کی تصدیق کروائی گئی جو کہ درست پائی گئی ، مزید قانونی کارروائی کے لیے ملزم کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔