غیر قانونی تعمیرات کیس ڈائریکٹر ایس بی سی اے کے وارنٹ گرفتاری جاری

طلبی کے باوجود ڈائریکٹر ایس بی سی اے پیش ہورہے ہیں نہ جواب جمع کرارہے ہیں،جسٹس سید حسن اظہر رضوی

عدالت نے 9 مارچ کو ڈائریکٹر ایس بی سی اے وسطی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا :فوٹو:فائل

SAKHIR:
سندھ ہائیکورٹ نے ایف بی ایریا بلاک 9 میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر عدالتی طلبی کے باوجود عدم پیشی پر ڈائریکٹر ایس بی سی اے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ایف بی ایریا بلاک 9 میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، احکام پر عمل درآمد نہ کرنے پر عدالت ایس بی سی اے حکام پر برہم ہوگئی۔


جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ 2018 میں متعلقہ حکام سے غیر قانونی تعمیرات پر جواب طلب کیا تھا، طلبی کے باوجود ڈائریکٹر ایس بی سی اے پیش ہورہے ہیں نہ جواب جمع کرارہے ہیں، طلبی پر ایس بی سی اے ڈائریکٹر کے بجائے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے عدالت میں پیش ہوا۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ ڈائریکٹر ایس بی سی اے خود کیوں نہیں آیا؟ اتنا بڑا آدمی ہے کہ عدالت کے طلب کرنے پر بھی پیش نہیں ہوگا؟ عدالت نے عدم پیشی پر ڈائریکٹر ایس بی سی اے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

عدالت نے 9 مارچ کو ڈائریکٹر ایس بی سی اے وسطی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر بھی پیش نہ ہوئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے،عدالت نے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔
Load Next Story