ایلجر نے کنٹریکٹ سے محرومی کا غصہ کینگروز پر نکال دیا

پورٹ ایلزبتھ میں 83 رنز، پروٹیز کے 214 پر 5 پلیئرز آؤٹ، ڈی ویلیئرز اور ڈوپلیسی کی ففٹیز

پورٹ ایلزبتھ: جنوبی افریقی بیٹسمین ڈین ایلجر کا دفاعی شاٹ، آسٹریلیا کیخلاف انھوں نے83رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا سے دوسرے ٹیسٹ کے ابتدائی روز جنوبی افریقہ نے 214 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں۔


آخر میں 2کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے سے کھیل کا جھکائو کینگروز کی طرف ہوگیا، سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم رہنے والے ڈین ایلجر نے 83 رنز جڑ کر کینگروز پر غصہ نکال دیا، ابراہم ڈی ویلیئرز 51 پر ناٹ آئوٹ ہیں، فاف ڈوپلیسی نے بھی ففٹی بنائی، ناتھن لیون نے 2وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق پورٹ ایلزبتھ میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کا ابتدائی روز دونوں ٹیموں کے لیے ملا جلا رہا، مگر آخر میں گرنے والی 2 وکٹوں سے آسٹریلیا کی تیز ہوتی ہوئی دھڑکن معمول پر آگئی۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر چھٹا اوور ختم ہونے سے پہلے ہی 2ٹاپ بیٹسمین واپس ڈریسنگ روم میں پہنچ چکے تھے۔

کپتان گریم اسمتھ صرف 9 رنز بنانے کے بعد ریان ہیرس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے،اگلے اوور میں مچل جونسن نے ہاشم آملا کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا، دوسرے اوپنر ڈین ایلجر اور فاف ڈوپلیسی نے مجموعے کو 123 تک پہنچایا، ڈرنکس کے بعد پہلی ہی گیند کو ڈوپلیسی نے شارٹ لیگ پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں میں پہنچا دیا، کامیاب بولر ناتھن لیون تھے، انھوں نے 55 رنز بنائے، سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم رہنے والے ڈین ایلجر نے اپنی مایوسی آسٹریلوی بولرز پر نکالتے ہوئے بڑی اننگز بورڈ پر سجانے کا ارادہ کیا،83 رنز پر ناتھن لیون نے انھیں بھی میدان بدر کردیا، کیچ ہیرس نے تھاما۔ کوئنٹن ڈی کوک صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اسٹیون اسمتھ کی گیند پر متبادل فیلڈر موسس ہینرکس نے کیچ لیا، جب کم روشنی کی وجہ سے قبل از وقت پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو جنوبی افریقہ نے 5 وکٹ پر 214 رنز بنالیے تھے،ابراہم ڈی ویلیئرز 51 رنز پر کھیل رہے ہیں،ناتھن لیون نے 2وکٹیں لیں۔
Load Next Story