ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث چاچا ڈکیت گرفتار
چاچا ڈکیت اور اس کے چار ساتھیوں نے درخشاں میں دکان میں ڈکیتی میں چار لاکھ روپے لوٹ لیے تھے
چاچا ڈکیت کی واردات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کی گئی تصاویر (فوٹو : اسکرین گریب)
ایکسپریس نیوز کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث چاچا ڈکیت کو گرفتارکرلیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ اعجاز احمد کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت وزیر احمد عرف چاچا کے نام سے ہوئی جس کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم نے اپنے 4 ساتھیوں کے ساتھ مل کر درخشاں کے علاقے خیابان شمشیر میں ڈکیتی کی تھی اور واردات کے دوران اسلحے کے زور پر دکان دار سے 4 لاکھ 10 ہزار کیش اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی چاچا ڈکیت کو ساتھیوں کے ہمراہ واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ایک ملزم اسلحہ تھام کر کھڑا رہا اور دوسرا ملزم کاؤنٹر پر پہنچا۔ ادھیڑ عمر ملزم نے کاؤنٹر پر رکھے ہینڈ بیگ کو اٹھایا اور دکان دار کو دھمکی دیتے باہر نکل گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکان کے اندر اور باہر بزرگ ملزم کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک پرس، کیش، چھینی ہوئی گھڑی اور بارہ بور ریوالور برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔