پاکستان اسٹیل ڈیڑھ سال کے اندر نجی شعبے کے حوالے کر دینگے وزیر صنعت و پیداوار

ادارے کی حالت بہت خراب،7کروڑیومیہ نقصان ہورہا ہے،3باربحالی کیلیے ای سی سی کوتجاویزدیں اتفاق نہ ہوسکا

تنخواہوں وبلزکیلیے موخرادائیگی پرخام مال لے کرپیداوار50فیصد پرپہنچانے کی کوشش ہے،مرتضیٰ جتوئی،ایپزاکادورہ فوٹو: فائل

وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لیے 3مرتبہ تجاویز اقتصادی رابطہ کمیٹی کو پیش کیں تاہم اقتصادی رابطہ کمیٹی میں شامل دیگر تمام وزارتوں نے پاکستان اسٹیل کو مزید کوئی بیل آؤٹ نہ دینے پر اتفاق کیا۔


پاکستان اسٹیل کے بورڈ کی کوشش ہے کہ ڈیفر پیمنٹ پر خام مال حاصل کرکے اسٹیل ملز کی پیداوار کو 50فیصد تک لے جائیں تاکہ پاکستان اسٹیل اپنی تنخواہوں اور یوٹیلٹی بلز کے اخراجات خود برداشت کرسکے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون اتھارٹی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل بہت برے حال میں ہے، یومیہ 7کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے، پیداوار کو 60 سے 80 فیصد تک لائے بغیر نقصان ختم نہیں کیا جاسکتا، وفاقی وزارت صنعت وپیداوار کی جانب سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو 3 مرتبہ مل کی بحالی کے پروپوزل دیے گئے تاہم دیگر وزرا نے پاکستان اسٹیل کو مزید پیسہ نہ دینے اور صرف تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، نجکاری کمیشن نے پاکستان اسٹیل کے 26فیصد شیئرز کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان اسٹیل کے 26فیصد حصص اور مینجمنٹ نجی شعبے کو دینے کا عمل ایک سے ڈیڑھ سال میں مکمل کرلیا جائیگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی برآمدات 2015تک 1ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس مقصد کیلیے دیگر شہروں میں بھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون قائم کیے جارہے ہیں، کراچی میں 75ایکڑ اراضی پر تیسرا فیز قائم کیا جارہا ہے، بند ہوجانے والے یونٹس کی بحالی اور ڈیفالٹ کرنیوالے یونٹس کی دوبارہ الاٹمنٹ کی جائیگی، بن قاسم نیشنل انڈسٹریل پارک میں جاپانی کمپنی 50ایکڑ رقبے پر موٹرسائیکل سازی کا پلانٹ لگارہی ہے جس پر 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیگی، یہ کمپنی 4سال سے نیو انٹرنیٹ کا درجہ لینے کیلیے تگ و دو کررہی تھی، موجودہ حکومت نے سرمایہ کاری کیلیے سازگار ماحول فراہم کیا ہے، جاپانی کمپنی مارچ 2015میں پیداوار شروع کردے گی۔ قبل ازیں چیئرپرسن ایپزا رابعہ جویری آغا نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی جس میں دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں یادگاری پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
Load Next Story