بلائنڈ کرکٹ بھارت نے پاکستان میں فتح کا ذائقہ چکھ لیا

وینکٹیش کی ناقابل شکست سنچری نے دوسرے ون ڈے میں39رنزسے کامیابی دلائی

وینکٹیش کی ناقابل شکست سنچری نے دوسرے ون ڈے میں39رنزسے کامیابی دلائی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ISLAMABAD:
بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے دورئہ پاکستان میں فتح کا ذائقہ چکھ ہی لیا، دوسرے ون ڈے میں میزبان کو39 رنز سے شکست کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، فیصلہ کن میچ اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔


وینکٹیش کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بھارت نے405 رنز بنائے،میزبان ٹیم 37.2 اوورز میں366رنز سے آگے نہ بڑھ پائی، محمد جمیل،محمد اکرم ، ہارون خان اور نثار علی کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کو ناکامی سے نہ بچا سکیں، تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40اوورز میں 6 وکٹ پر405 رنز جوڑے، وینکٹیش نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے75 گیندوں پر121 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انھوں نے9 مرتبہ گیند کو بائونڈری کے پار پہنچایا،پہلے میچ میں سنچری داغنے والے کیتن نے اس بار بھی میزبان بولرز کی پٹائی کرتے ہوئے49 گیندوں پر80رنز جوڑے، ہنومان 10 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، محمد جمیل نے 2 جبکہ ہارون خان اور ساجد نواز نے1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

جواب میں پاکستانی ٹیم 37.2 اوورز میں366 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، محمد جمیل نے جارحانہ انداز میں33 گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے78 رنزکی اننگز کھیلی، محمداکرم نے77 کا حصہ ڈالا،ہارون خان نے 45گیندوں پر55 رنز بنائے، ان میں7 چوکے بھی شامل تھے،نثار علی51 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،سکھرم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، گذشتہ میچ میں ناقابل شکست 163 رنز بنانے والے انیس جاوید اس مرتبہ محض17 رنز جوڑ پائے، بھارتی کپتان شیکھر نائیک کے ان فٹ ہوجانے پر اجے ریڈی نے قیادت کی،بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ فتح سے ہمارے حوصلے بلند ہوگئے، تیسرا میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرینگے، پاکستانی کپتان ذیشان عباسی نے کہا کہ ہم میچ ہارے لیکن حوصلے بلند ہیں، فیصلہ کن مقابلے میں کم بیک کریں گے،قبل ازیں دونوں ٹیموں کو سخت حفاظتی انتظامات میں اسٹیڈیم لایا اورواپس ہوٹل پہنچایا گیا ،بعدازاں مقامی ہوٹل میںآفیشل ڈنر منعقد ہوا۔
Load Next Story