ممکنہ آپریشن کے پیش نظر شمالی وزیرستان سے شہریوں کی نقل مکانی

بنوں میں ہوٹل مالکان نے کرایے بڑھا دیے، پشاور کے بیشتر تھانوں میں فوجی جوانوں کو پہنچادیا گیا

پشاور کے بیشتر تھانوں میں فوج کے جوانوں کو پولیس کی مدد کیلیے پہنچادیا گیا ہے۔فوٹو:فائل

شمالی وزیرستان میں بدھ اور جمعرات کی شب جیٹ طیاروں کی بمباری کے بعد مختلف علاقوں سے لوگوں نے آپریشن کے خوف سے ایک بار پھر نقل مکانی شروع کردی۔


میرانشاہ ، میرعلی اور دیگر علاقوں سے درجنوں خاندان اپنا گھر بار چھوڑ کر ٹرکوں، مسافر ویگنوں اور نجی گاڑیوں میں بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور دیگر علاقوں میں منتقل ہورہے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والوں میں خواتین، بچے اور بوڑھے بھی شامل ہیں۔ ایک ٹی وی کے مطابق نقل مکانی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 250 خاندان نقل مکانی کرچکے ہیں، بنوں میں ہوٹل مالکان نے کرایے بڑھا دیے جبکہ متاثرین کو گاڑیوں کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ دوسری جانب ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے پشاور میں سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں، فوج کے جوان بکتر بند گاڑیوں اور جدید اسلحے کے ساتھ حساس مقامات پر تعینات کردیے گئے ہیں۔ پشاور سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کہا گیاکہ شہر کے تمام داخلی راستوں اور افغان مہاجرین کی نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور کے بیشتر تھانوں میں فوج کے جوانوں کو پولیس کی مدد کیلیے پہنچادیا گیا ہے۔

ادھر شہر کے نواحی علاقے متنی کے ادیزئی چوک میں بم دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ سربند میں پولیس نے خودکش جیکٹ برآمد کرکے تباہی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔دن ساڑھے 11 بجے پولیس نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جنھوں نے پولیس پر فائرنگ کردی ، جوابی فائرنگ پر ملزمان موٹرسائیکل اور بیگ چھوڑ کر فرار ہوگئے، تلاشی لینے پر بیگ سے خودکش جیکٹ برآمد ہوئی، بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق جیکٹ میں 8 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ صحت کا انصاف پروگرام کے حوالے سے آج شہر میں صبح 8سے شام 5 بجے تک موٹرسائیکل چلانے پر پابندی ہوگی۔کوہاٹ کے علاقے گڑھی بنوریان میں امام بارگاہ کے متولی کو قتل کردیا گیا۔ مقتول کے بیٹے شیر محمد طوری نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والد صبح گھر سے نکل رہے تھے کہ ملزمان فیاض، شکیل اور ایک نامعلوم شخص نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
Load Next Story