طالبان کیخلاف کارروائی جاری رہنی چاہیے شرجیل میمن

وفاقی حکومت کی حمایت کرتے ہیں، قوم کی دعائیں پاک فوج کے ساتھ ہیں، وزیراطلاعات سندھ

نجی ٹی وی رپورٹرعمران کو کس ایجنسی نے اٹھایا معلومات حاصل کررہے ہیں، نکتۂ اعتراض پر بیان۔ فوٹو: فائل

سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہاہے کہ ہم وفاقی حکومت کی غیرمشروط حمایت کرتے ہیں،طالبان کیخلاف کارروائی جاری رہنی چاہیے،قوم کی دعائیں پاک فوج کے ساتھ ہیں۔


جمعے کوسندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ سندھ حکومت ان دہشت گردوں کیخلاف برسرپیکارہے اورہماری پولیس، رینجرزاورخفیہ اداروں نے بھی ان کے خلاف کارروائیاں مزیدتیزکردی ہیں،کراچی میں دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پرگرفتاریاں کی گئی ہیں اوربالخصوص گزشتہ روزخفیہ اداروں اور پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی پرمیں پولیس اورخفیہ اداروں کے اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کرتاہوں۔ انھوں نے کہا کہ سندھی زبان ایک قدیم زبان ہے،اسے قومی زبان کادرجہ ملناچاہیے۔

دریں اثناسندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن خواجہ اظہارالحسن کے نکتۂ اعتراض پربیان دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہاکہ نجی ٹی وی چینل کے رپورٹرمحمدعمران کی بازیابی کیلیے حکومت ہرممکن کوشش کرے گی،اس معاملے کے اصل حقائق کے بارے میں سندھ اسمبلی کوبھی آگاہ کیاجائے گا۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ محمد عمران کو سادہ لباس میں کسی سرکاری ایجنسی کے اہلکارگھرسے لے گئے ہیں اور اب تک ان کے بارے میں علم نہیں کہ انہیں گرفتار کیا گیا ہے یااغوا، وفاقی وزیرداخلہ بھی یقین دہانی کراچکے ہیں اورعدالتوں میں بھی حکومت یہ حلف دے چکی ہے کہ سادہ لباس میں اہلکار گرفتاریاں نہیں کریںگے۔شرجیل میمن نے کہا کہ اب تک یہ پتہ نہیں چل سکاکہ کس سرکاری ایجنسی نے محمدعمران کواٹھایاہے،کوئی نیب کا نام لے رہاہے اور کوئی دوسری ایجنسی کا نام لے رہاہے۔اسپیکرآغا سراج درانی نے کہاکہ سندھ پولیس کے نئے آئی جی آگئے ہیں،اب صورت حال بہترہوگی،امیدہے کہ حکومت محمدعمران کے واقعے کانوٹس لے گی اوراس کی بازیابی کے لیے اقدامات کرے گی۔
Load Next Story