سڑک سے نومولود بچی کی لاش ملنے کا معما حل 2خواتین گرفتار

دہلی کالونی کے نجی اسپتال کی ملازمہ نے اپنا گناہ چھپانے کے لیے اسپتال کے بجائے ایمبولینس میںہی بچی کوجنم دیا تھا

ملزمہ ایمبولینس کی کھڑکی سے نومولودکو پھینک کر فرار ہو گئی تھی، مزید تحقیقات شروع کردی، ایس ایس پی رائے اعجاز (فوٹو، فائل)

ساؤتھ زون پولیس نے نومولود بچی کی لاش ملنے کا معمہ حل کرتے ہوئے 2خواتین کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق 11مارچ کو فریئر کے علاقے میں سڑک سے نومولود بچی کی لاش ملی تھی ، ایس ایس پی ساؤتھ رائے اعجاز کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری طور پر تحقیقات شروع کی اوراس سلسلے میں ڈی ایس پی فریئر فہمیدہ عباسی کی زیر قیادت ٹیم تشکیل دی گئی۔


تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ بچی کی ولادت کسی اسپتال کے بجائے ایمبولینس میں ہی ہوئی اور اسے اسی وقت چلتی ایمبولینس سے پھینک دیا گیا جس مقام پر یہ واردات ہوئی پولیس نے جائے واردات اور اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جس کی بنیاد پر تفتیش میں ٹھوس پیشرفت سامنے آئی، پولیس نے ملزمہ خاتون نیہا شنکر سمیت 2 خواتین کو گرفتار کر لیا اور اس قبیح فعل میں شریک دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 40/22 بجرم دفعہ 302/329/201 کے تحت درج کیا گیا تھا ، ایس ایس پی رائے اعجاز کے مطابق دہلی کالونی میں نجی اسپتال کی ملازمہ نے اپنا گناہ چھپانے کے لیے اسپتال جانے کے بجائے ایمبولینس میں ہی بچی کو جنم دیا تھا اور بے دردی سے ایمبولینس کی کھڑکی سے ہی نومولود کو پھینک کر فرار ہوگئی تھی ، پولیس نے واردات میں استعمال کی جانے والی ایمبولینس بھی ضبط کرلی ہے ،اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
Load Next Story