کراچی میں داماد نے سابق سسر کو چھری کے وار کر کے قتل کردیا

ملزم بیوی کو طلاق دینے کے باوجود اسے تنگ کیا کرتا تھا

ملزم بیوی کو طلاق دینے کے باوجود اسے تنگ کیا کرتا تھا فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
اورنگی ٹاؤن فرید کالونی میں داماد نے اپنے سابق سسر کو چھری کے وار کر کے قتل کردیا۔

مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر نمبر 10 فرید کالونی میں چھری کے وارسے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمی شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔

مقتول کی شناخت 60 سالہ شفیع ولد طورخان کے نام سے کی گئی جو فرید کالونی کا رہائشی اور اسے علاقے میں گاڑیوں کے اسٹینڈ کی چوکیداری کرتا تھا ۔


ایس ایچ او مومن آباد عمران محمود نے بتایا کہ مقتول کو اس کے سابق داماد اختر نے چھری کے وارکرکے قتل کیا ہے، ملزم اختر کے اکثر اپنی بیوی سے جھگڑے ہوتے رہے تھے اور وہ اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا ، کچھ عرصہ قبل اس نے بیوی کو طلاق بھی دےدی تھی جس سے اس کے چار بچے ہیں۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم بیوی کو طلاق دینے کے باوجود اسے تنگ کیا کرتا تھا جس پر اس کے سسر نے سابق داماد کے خلاف مومن آباد تھانے کی درخواست بھی جمع کرادی تھی ، پیر کی صبح ملزم اختر گاڑیوں کے اسٹینڈ پر پہنچا جہاں اس کا سابق سسر چوکیداری کررہا تھا ، ملزم نے چھری کے وار کر کے سسر کو شدید زخمی کردیا جبکہ خود موقع پر سے فرار ہو گیا زخمی سسر کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کر لیے ہیں اور ملزم اختر کی تلاش شروع کردی ہے جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائےگا ۔
Load Next Story