پاکستانی اوپنرز نے فتح کا در کھول دیا

4میچز میں تیسری مرتبہ گرین شرٹس کو سنچری اسٹینڈ فراہم کیا، سمیع اسلم کے95 رنز، امام الحق نے 82کی اننگز کھیلی

انڈر 19 ورلڈ کپ : پاکستانی اوپنر ز سمیع اور امام رن مکمل کررہے ہیں، انھوں نے 177 کی شراکت بنائی۔ فوٹو: آئی سی سی

انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی اوپنرز نے فتح کا در کھول دیا، ٹیم ٹائٹل سے2قدم کی دوری پر پہنچ گئی، اس نے سری لنکا کو 121 رنز کے بھاری مارجن سے پچھاڑ کر سیمی فائنل میں نشست پکی کرلی۔

سمیع اسلم اور امام الحق اس بار بھی چھائے رہے، چار میچز میں تیسری مرتبہ ٹیم کو سنچری اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا،سمیع نے95 اورامام نے82 رنز بنائے، فتح کیلیے 280 رنز کا ہدف پانے والی سری لنکن ٹیم 158 پر ڈھیر ہوگئی، پریمل پریرا اور سدیرا سمارا وکرما کی ففٹیز کسی کام نہ آئیں۔ فائنل میں جگہ پانے کیلیے گرین شرٹس کو اب انگلینڈ کی رکاوٹ عبور کرنا ہوگی، انگلش ٹیم نے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت کا بوریا بستر3 وکٹ سے گول کیا۔تفصیلات کے مطابق انڈر 19 کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے اپنے پسندیدہ شارجہ گرائونڈ میں سری لنکا کو 121 رنز سے زیر کیا، آئی لینڈرز کو فتح کے لیے 280 رنز کا ہدف ملا مگر اس کی ہمت 42.3 اوورز میں 158 پر جواب دے گئی، ضیاالحق نے پہلی ہی گیند پر حریف سائیڈ کے ان فارم بیٹسمین ہیشام ڈمنڈو کی اسٹمپس اڑا دیں، ٹیم کے 44 رنز پر تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، پریمل پریرا نے 68 اور سادیرا سمارا وکرما نے 51 رنز بناکر سنبھالا دینا چاہا مگر سماراوکرما کے آئوٹ ہونے سے باقی کھلاڑیوں کی لائن لگ گئی۔


ان دونوں کے علاوہ صرف ہیشین رامانائیکے (12) ہی دہرے ہندسے میں پہنچ پائے، ضیاء الحق، کرامت علی، ظفر گوہر اور کامران غلام نے2،2وکٹیں لیں۔ اس سے قبل پاکستان نے 9 وکٹ پر 279 رنز اسکور کیے، سمیع اسلم اور امام الحق نے چار میچز میں تیسری مرتبہ ٹیم کو سنچری اوپننگ شراکت فراہم کی، مین آف دی میچ سمیع نے 121 بالز پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے،امام نے 107 بالز کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور 7 چوکوں سے مزین 82 رنز جڑے، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 37 اوورز میں اسکور کو 177 تک پہنچایا، امام الحق کی یہ تیسری ففٹی ہے جبکہ وہ ایک سنچری بھی بنا چکے اور اب تک 342 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں، سمیع کی یہ تیسری ففٹی اور ان کا اب تک ٹورنامنٹ میں اسکور 224 تک پہنچ چکا ہے۔ کامران غلام نے چار چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 44 بالز پر 52 رنز اسکور کیے۔

اب پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جس نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 3 وکٹ سے مات دی۔ دبئی میں کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں انگلش ٹیم نے 222 رنز کا ہدف 5 گیندیں قبل 7 وکٹوں پر حاصل کیا، اسے یہ فتح اعصاب قابو میں رکھنے کی وجہ سے حاصل ہوئی ٹیم کو آخری 2 اوورز میں 15 جبکہ7بالز پر 8 رنز کی ضرورت تھی، مین آف دی میچ بین ڈکٹ نے 64 بالز پر 61 رنز بنائے۔ کلدیپ یادیو نے 3 وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بھارتی ٹیم 8 وکٹ پر 221 رنز بنانے میں کامیاب رہی، دیپک ہودا نے 68، سرفراز خان نے ناٹ آئوٹ 52 اور وجے زول نے 48 رنز اسکور کیے،میتھیو فشر نے تین وکٹیں لیں۔ دریں اثنا پلیٹ چیمپئن شپ کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش نے کینیڈا کو 9 وکٹ سے شکست دی، ناکام ٹیم 75 رنز پر آئوٹ ہوئی، فاتح سائیڈ نے ایک وکٹ پر ہدف حاصل کیا۔ دوسرے پلیٹ کوارٹر فائنل میں زمبابوے نے نمیبیا کو 6 وکٹ سے ٹھکانے لگایا۔
Load Next Story