عاقب جاوید نے ظہیر عباس کی فٹنس پر سوال اٹھا دیا

بیٹنگ کنسلٹنٹ کے لیے اس عمر میں نیٹس پر سرگرم رہنا ممکن نہیں،سابق کوچ

بیٹنگ کنسلٹنٹ کے لیے اس عمر میں نیٹس پر سرگرم رہنا ممکن نہیں،سابق کوچ۔ فوٹو: فائل

عاقب جاوید نے بیٹنگ کنسلٹنٹ ظہیر عباس کی فٹنس پر سوال اٹھا دیا، سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ جدید کرکٹ میں کوچنگ کیلیے کھلاڑیوں کے ساتھ کوچ کو بھی جان لڑانا پڑتی ہے، سابق کپتان کیلیے اس عمر میں ایسا کرنا ممکن نظر نہیں آتا۔

تفصیلات کے مطابق سابق پیسر عاقب جاوید نے ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہا کہ آج کی کرکٹ میں کوچ خود بھی کھلاڑیوں کے ساتھ گرائونڈ اور نیٹس میں سرگرم نظر آتے ہیں، بہت کچھ عملی طور پر کرکے دکھانا پڑتا ہے،میں خود بھی نیٹس میں 2گھنٹے بولنگ کرتا اور دوڑ میں پلیئرز کے ساتھ شریک ہوتا ہوں،ان تمام کاموں کیلیے توانائی اور فٹنس درکار ہوتی ہے،میں نہیں سمجھتاکہ ظہیر عباس عمر کے اس حصے میں ایسا کر پائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ معین خان ایک فعال اور پُر عزم شخصیت کے مالک ہیں لیکن ان کے کوچنگ تجربے سے میں واقف نہیں، سابق کپتان بہت جلد سیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،امید ہے کہ گرین شرٹس کو درست سمت میں گامزن کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔


عاقب جاوید نے ورلڈ ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے امکانات کے حوالے سے کہا کہ اس فارمیٹ میں گرین شرٹس کا شمار اچھی ٹیموں میں ہوتا ہے، البتہ ایک بات سمجھ نہیں آتی کہ بار بار پیچھے پلٹ کر دیکھتے ہوئے بوڑھے گھوڑوں کا انتخاب کیوں کرلیا جاتا ہے، مختصر طرز کی کرکٹ کیلیے دیگر ملک نئے ٹیلنٹ کی طرف دیکھتے ہیں، ابھی تک ون ڈے اور ٹوئنٹی20کے تقاضوں کو پیش نظر اسکواڈزکا فرق ہی نہیں سمجھا جا سکا، کامران اکمل کو کئی بار آزمایا جا چکا، اب 30سال کی عمر میں ایک بار پھر واپسی کا موقع دیا جا رہا ہے۔

عاقب نے کہا کہ پاکستانی فاسٹ بولرز بھرپور فٹنس کے حامل ہوں تو دنیا کا بہترین اٹیک بن جائے گا، محمد طلحہٰ کو پہلے ہی موقع دیا جانا چاہیے تھا، مضبوط کلائیوں، پیس اور سوئنگ کی بدولت وہ کئی سال تک ملک کی خدمت کر سکتے ہیں،جنید خان اور محمد عرفان بھی موجود ہیں، بلاول بھٹی سپر فٹ مگر انھیں بولنگ میں مزید ورائٹی لانے کیلیے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ راحت علی کے پاس ریورس سوئنگ اور اچھے یارکرز کی کمی ہے تاہم پیسر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر زیادہ کامیاب ثابت ہوسکتے ہیں۔
Load Next Story