گیس کی کمی سے کئی علاقوں میں شہری پریشان سی این جی اسٹیشن پھر بند

شہر میں گیس پریشر کم ہونے سے خواتین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا،سردی میں کمی کے باوجود گیس غائب ہوگئی

دن بھر گیس انتہائی کم اور شام سے صبح تک غائب رہنے لگی،گیس کمپنی نے سی این جی اسٹیشنوں کوگیس فراہمی24 گھنٹے بند کردی۔ فوٹو: فائل

موسم سرما کی شدت میں کمی کے باوجود شہر کے رہائشی علاقوں میں ایک بار پھر گیس پریشر میں انتہائی کمی ہوگئی ہے، گیس نہ آنے پر خواتین کو کھانے پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔


سوئی سدرن گیس کمپنی نے سی این جی اسٹیشن کو گیس کی فراہمی پیر کی صبح سے 24 گھنٹے کیلیے پھر بند کردی ، تفصیلات کے مطابق گیس پریشر میں کمی سے پی آئی بی کالونی،گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی، طارق روڈ،بفر زون، ملیر،کوثر ٹاؤن،ماڈل کالونی، اورنگی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، گارڈن، ناظم آباد اور اولڈ سٹی ایریا اور صدر کے علاقے متاثر ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ ایک ماہ سے گیس کی فراہمی معمول پر نہیں آسکی دن بھر گیس پریشر انتہائی کم ہونے کے بعد شام سے صبح تک گیس غائب رہتی ہے، متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی شدت کم ہونے کے باوجود صبح اور شام کے اوقات میں گیس پریشر کم ہونا سمجھ سے بالا ہے ،گیس کی شدید کمی سے گھریلو خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

دوسری جانب سائٹ اور لانڈھی کے صنعتی علاقوں میں بھی گیس پریشر میں کمی کے باعث صنعتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں ، سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ بعض گیس فیلڈز سے سوئی گیس کی فراہمی میں تکنیکی کمی کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں گیس پریشر میں کمی ہوگئی ہیں، سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنوں کو گیس فراہمی آج پیر صبح 8 بجے سے 24 گھنٹے کیلیے معطل کردی ہے، سوئی سدرن کمپنی نے ہفتہ وار لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت پیرکی صبح 8 بجے سے منگل کی صبح 8 بجے تک صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنوں کو 24 گھنٹے کیلیے گیس کی فراہمی معطل رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
Load Next Story