ویسٹ انڈیز نے واحد ون ڈے انٹرنیشنل میں آئرلینڈ کو 4 وکٹ سے مات دیدی

سنچری شراکت بنانے والے کیرن پاول نے 57 جبکہ ڈیوائن اسمتھ نے 55 رنز اسکور کیے

سنچری شراکت بنانے والے کیرن پاول نے 57 جبکہ ڈیوائن اسمتھ نے 55 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

ویسٹ انڈیز نے واحد ون ڈے انٹرنیشنل میں آئرلینڈ کو 4 وکٹ سے مات دے دی،کیرن پاول اور ڈیوائن اسمتھ نے نصف سنچریاں بناکر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردارادا کیا۔


تفصیلات کے مطابق میزبان ٹیم نے فتح کے لیے درکار ہدف 6 وکٹ پر حاصل کیا، سنچری شراکت بنانے والے کیرن پاول نے 57 جبکہ ڈیوائن اسمتھ نے 55 رنز اسکور کیے،کرک ایڈورڈز (2) اور ڈیرن براوو(1) کی جلد پویلین واپسی سے آئرش سائیڈ نے میچ میں واپسی کی کوشش کی۔

مگر حریف کپتان ڈیوائن براوو (35) نے پاول کے ہمراہ 52رنز کی پارٹنر شپ سے ان نقصانات کا ازالہ کردیا، براوو کور باؤنڈری پر سورنسین کی گیند پر تھامپسن کے شاندار کیچ کی بدولت میدان بدر ہوئے، پاول کو وکٹ کیپر گرے ولسن نے پال اسٹرلنگ کی گیند پر اسٹمپڈ کیا،دنیش رامدین (15)کے بعد مارلون سموئلز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی ناؤ پار لگا دی، وہ 26 جبکہ ڈیرن سیمی 1 پر ناٹ آؤٹ رہے، اس سے قبل مہمان سائیڈ 49.2 اوورز میں 202 رنز پر آؤٹ ہوئی،گرے ولسن نے 62رنز کی اننگز کھیلی،ڈیوائن براوو اور جیسن ہولڈر نے 3،3کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔
Load Next Story