شمالی وزیرستان میں دہشت گردی

فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 7 جوان شہید ہوگئے

فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 7 جوان شہید ہوگئے۔ (فوٹو فائل)

RAWALPINDI:
خیبرپختونخوا میں شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا ، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 7 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 14 اپریل کو ایشام کے علاقے میں رات گئے قافلے پر حملہ کیا گیا جس پر فورسز نے فوری موثر جوابی کارروائی کی اور 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7 جوان شہید ہوگئے جن میں 36 سالہ حوالدار طارق یوسف ساکن فیصل آباد، 34 سالہ سپاہی سلمان وقاص ساکن لیہ،26 سالہ سپاہی جنیدعلی ساکن لیہ، 27 سالہ سپاہی اعجاز حسین ساکن خیر پور ، 25 سالہ سپاہی وقار احمد ساکن میر پور خاص،25 سالہ سپاہی محمد جواد امیر ساکن چکوال اور ،23 سالہ سپاہی ارشد علی ساکن صحبت پور شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے اور ہمارے جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی این پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فوجی کافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے7 فوجیوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیاہے۔


اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کا پاکستانی فوج کے قافلے پر حملہ قابل مذمت ہے، ایسے واقعات امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں ۔شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

حالیہ دہشت گردی کی لہر سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سابقہ فاٹا کے علاقے میں دہشت گردوں کے سہولت کار موجود ہیں۔ اگر دہشت گردوں کو سہولت کاری اور مخبری کی سہولت میسر نہ ہو تو وہ کسی بھی صورت میں سیکیورٹی اہلکاروں اور سیکیورٹی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنا سکتے۔

ہمارے ملک کے اندر چھپے ہوئے ان ملک دشمنوں کو جب تک کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جاتا، دہشت گردوں کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ پاکستان کے فوجی جوان جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، بے گناہ شہری جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، دہشت گردوں کا نشانہ بن چکے ہیں، ایسے دہشت گردوں کو جو لوگ انفارمیشن فراہم کرتے ہیں یا انھیں نقل وحمل اور انھیں ٹھہرانے اور ٹارگٹ تک پہنچانے کی سہولت فراہم کرتے ہیں، وہ دہشت گردوں سے بھی زیادہ ظالم ہیں۔

 
Load Next Story